بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

4 جمادى الاخرى 1446ھ 07 دسمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

ہسپتال میں زکات کے پیسوں سے پانی کا انتظام کروانے کا حکم


سوال

ایک ہاسپٹل ہے، جو ایک کمیٹی اور صاحب خیر کے ذریعہ چلایا جاتاہے،کیا  اس میں پانی کے انتظام کیلئے زکوٰۃ کا پیسہ استعمال کرسکتےہیں؟

جواب

 واضح رہے کہ زکات کی ادائیگی کے لیے بنیادی شرط یہ ہے کہ کسی فقیرمستحق  شخص کے ہاتھ میں بلا عوض زکات کی رقم دے کر اس کو اس رقم کا  مالک بنادیا جاۓ، لہذا کسی ایسے مصرف میں زکات کی رقم لگانا جس سے فائدہ تو اگرچہ  غریب اور مستحق لوگ اٹھا رہے ہوں، لیکن  وہ رقم ان کی ملکیت میں نہیں دی جارہی ہو، اس طرح صرف کرنے سے زکات ادا نہیں ہوگی۔

 مذکورہ تفصیل کی رو سے صورتِ مسئولہ میں ہسپتال میں  پانی کا انتظام کرنے کے لیے زکات کی رقم استعمال کرنا درست نہیں ہے، بلکہ وہ رقم کسی فقیر مستحق شخص کے ہاتھ میں دینا ضروری ہے ،اس کے بغیر وہ رقم زکات میں شمار نہیں ہوگی، اگر  پانی کا انتظام کرنا ہے تو  نفلی صدقات یا عطیات سے یہ کام کروالیاجاۓ یا دیگر اَصحابِ خیر حضرات کو  اس طرف متوجہ کیا جاۓ۔

فتاوی عالمگیری میں ہے:

"أما تفسيرها فهي ‌تمليك ‌المال من فقير مسلم غير هاشمي، ولا مولاه بشرط قطع المنفعة عن المملك من كل وجه لله - تعالى - هذا في الشرع كذا في التبيين."

(كتاب الزكوة ،الباب الأول في تفسيرها وصفتها وشرائطها،188/1،ط:دارالکتب العلمیة)

وفیہ ایضاً:

"ولا يجوز أن يبني بالزكاة المسجد، وكذا ‌القناطر والسقايات، وإصلاح الطرقات، وكري الأنهار والحج والجهاد وكل ما لا تمليك فيه."

(کتاب الزکوۃ،الباب السابع فی المصارف،207/1،ط:دارالکتب العلمیة)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144409100743

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں