بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

26 شوال 1445ھ 05 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

حفاظت حمل،رزق میں برکت اور قرض سے نجات کے وظائف


سوال

شادی کے بعد سے پریشان ہوں،حمل میں بھی مسئلے آجاتے ہیں،2بار بچے ضائع ہوئے ہیں اور 2بچے وقت  سے پہلے ہوئے ہیں،حمل کے دوران برے اور ڈرانے والےخواب کا آنا،چیزوں کا محسوس ہونا ایسا ہوتا ہے،میرے شوہر بھی پریشان رہتے ہیں مالی حالات سے،جیسے کہ تنخواہ اچھی ہے لیکن جاتی کہاں،کچھ معلوم نہیں ہوتا،پریشانیوں میں وقت گزر رہا ہے،باقی گھر میں سب ٹھیک رہتے لیکن ہم میاں بیوی کے ساتھ مسئلے ہی رہتے،لڑائی جھگڑے شادی کے بعد سے،شادی کے بعد سے ایک مہینہ ایسا نہیں جو ہم نے سکون سے گزارا یا خوش ہوں،اخیر مسئلہ کیا ہے ہمارے ساتھ معلوم کروانا چاہ رہے ہیں،کیوں اب حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں،ملازمت کے ساتھ بھی مسئلہ،بچوں کے ساتھ بھی مسئلہ،بس ہر وقت ٹینشنوں میں گزارتے،قرض بھی اتارنے کا نام نہیں لے رہے،ایک کے بعد ایک قرض چڑھ جاتا ہے اور پیسے جاتے کہاں یہ بھی نہیں پتہ چلتا۔

جواب

تمام مصائب اور پریشانیوں کا واحد حل صرف رجوع الیٰ اللہ ہے،دو رکعات صلاۃ الحاجت پڑھ کر اللہ کے حضورمتوجہ ہوں اور اپنے گناہوں کی معافی مانگیں،مشکل حالات پر صبر کریں،نمازوں کی پابندی ،قرآن مجید کی تلاوت،صبح وشام کے مسنون اذکار کا ہتمام اور کثرت سے استغفار کریں، ان شاء اللہ حالات بہتر ہوں گے،ساتھ ہی درج ذیل اعمال کا اہتمام کریں:

"وَ الَّتِیْۤ اَحْصَنَتْ فَرْجَهَا فَنَفَخْنَا فِیْهَا مِنْ رُّوْحِنَا وَ جَعَلْنٰهَا وَ ابْنَهَا اٰیَةً لِّلْعٰلَمِیْنَ(91)اِنَّ هٰذِهٖ اُمَّتُكُمْ اُمَّةً وَّاحِدَةً  وَّ اَنَا رَبُّكُمْ فَاعْبُدُوْنِ (92)وَ تَقَطَّعُوْا اَمْرَهُمْ بَیْنَهُمْ كُلٌّ اِلَیْنَا رٰجِعُوْنَ (93) الانبياء)"

 حفاظتِ حمل اور بچہ صحیح وسالم پیدا ہونے کے لیے یہ آیتیں لکھ کر شروع حمل میں چالیس روز تک حاملہ عورت کے باندھ دیں، پھر کھول کر نویں مہینے پھر باندھ دیں، پھر بعد پیدائش وہ تعویذ کھول کر بچہ کے باندھ دیں۔(اعمال قرآنی)

2۔   سورہ واقعہ اور سورہ طارق فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ پڑھنےکا اہتمام کریں۔

3۔   فجر  کی نماز کے بعد ستر مرتبہ پابندی سے یہ آیت پڑھا کریں، ان شاءاللہ رزق کی تنگی سے محفوظ رہیں  گے:

"اَللّٰهُ لَطِیْفٌۢ بِعِبَادِهٖ یَرْزُقُ مَنْ یَّشَآءُۚ-وَ هُوَ الْقَوِيُّ الْعَزِیْزُ(19)( الشوری)"

4۔   ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:

"اَللّٰهُمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ."

نیز  حسبِ توفیق صدقہ نکالنے کا معمول بنالیجیے،ان شاء اللہ جلد مسائل حل ہوں گے،اور مشکلات دور ہوجائیں گی۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144502102107

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں