بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا حضرت تھانوی رحمہ اللہ نے، اللہ کے لیے ’مکر‘ کا لفظ استعمال کیا ہے؟


سوال

حضرت حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ کی تفسیر بیان القرآن میں اردو ترجمے پر لوگوں کو اعتراض ہے کہ اردو ترجمے میں ’مکر‘ کا لفظ کیوں استعمال کیا؟

جواب

سائل نے حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ کی اس عبارت کا حوالہ نہیں دیا جہاں انہوں نے اردو ترجمہ میں ’مکر‘ کا لفظ استعمال کیا ہو؛ نیز ہماری معلومات کے مطابق حضرت مولانا اشرف علی تھانوی نے اللہ کی طرف نسبت کر کے ’مکر‘ کا لفظ استعمال نہیں کیا ہے۔ بہتر ہوگا کہ سائل اس کا حوالہ دیکر دوبارہ سوال کرلے۔

تاہم تفسیرِ عثمانی میں موجود شیخ الہند حضرت مولانا محمود الحسن رحمہ اللہ کے ترجمہ میں سورہ آلِ عمران کی آیت نمبر 54 کے ترجمہ میں ’مکر‘ کا لفظ استعمال ہوا ہے جو کہ درج ذیل ہے :

وَمَكَرُوْا وَمَكَرَ اللّٰهُ   ۭ وَاللّٰهُ خَيْرُ الْمٰكِرِيْنَ  

ترجمہ :  اور مکر کیا ان کافروں نے اور مکر کیا اللہ نے اور اللہ کا داؤ سب سے بہتر ہے

اس ترجمہ کی تفسیر میں علامہ شبیر احمد عثمانی صاحب نے یہ وضاحت کی ہے :

"مکر" کہتے ہیں لطیف وخفیہ تدبیر کو ۔ اگر وہ اچھے مقصد کے لئے ہو، اچھا ہے۔ اور برائی کے لئے تو برا ہے اسی لئے وَلاَ یَحِیْقُ الْمَکْرُ السَّیِّیءُ"میں مکر کے ساتھ سیئی کی قید لگائی۔ اور یہاں خدا کو "خیرالماکرین" کہا۔ مطلب یہ ہے کہ یہود نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے خلاف طرح طرح کی سازشیں اور خفیہ تدبیریں شروع کر دیں ۔ حتیٰ کہ بادشاہ کے کان بھر دیے کہ یہ شخص (معاذاللہ) ملحد ہے۔ تورات کو بدلنا چاہتا ہے سب کو بددین بنا کر چھوڑے گا۔ اس نے مسیح علیہ السلام کی گرفتاری کا حکم دے دیا اُدھر یہ ہو رہا تھا اور ادھر حق تعالیٰ کی لطیف و خفیہ تدبیر ان کے توڑ میں اپنا کام کر رہی تھی جس کا ذکر آگے آتا ہے۔ بیشک خدا کی تدبیر سب سے بہتر اور مضبوط ہے۔ جسے کوئی نہیں توڑ سکتا۔

(تفسیر عثمانی، ج۱ ؍ ص ۲۷۸، ط : دار الاشاعت)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144309101333

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں