بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

حضرت امام شافعي رحمہ اللہ کے قول:’’لوگوں کو خوش کرنا ایک ایسا مقصد ہے جس کو کبھی حاصل نہیں کیا جا سکتا‘‘ کی تخریج


سوال

کیادرج ذیل قول،حضرت امام ابو عبدالله محمد بن ادريس الشافعي رحمه الله کا ہے؟ رہنمائی فرمائیں ‏: 

حضرت امام ابو عبدالله محمد بن ادريس الشافعي رحمه الله فرماتے ہیں:

’’لوگوں کو خوش کرنا ایک ایسا مقصد ہے جس کو کبھی حاصل نہیں کیا جا سکتا‘‘۔

جواب

سوال میں آپ نے حضرت  امام ابوعبد اللہ محمد بن ادریس الشافعی رحمہ اللہ کے جس قول کے متعلق دریافت  کیا ہے،  یہ قول، حافظ ابو نعیم اصفہانی رحمہ اللہ نے"حلية الأولياء وطبقات الأصفياء"میں ،اور حافظ ابن الجوزی رحمہ اللہ نے"صفة الصفوة"میں  حضرت امام شافعی رحمہ اللہ کے حالات میں ذکر کیا ہے۔"حلية الأولياء "میں یہ قول درج ذیل الفاظ میں مذکور ہے:

"حدّثنا عُثمان بنُ محمّد العُثمانيُّ، قال: سمعتُ أبا بكر النِيسابوريَّ يقولُ: سمعتُ الرّبيع بنَ سليمان يقولُ: قال الشافعيُّ: يا ربيعُ، رِضا الناس غايةٌ لا تُدرَك، فَعليك بِما يصلحُك فَالزَمْه؛ فإنّه لا سبيلَ إلى رِضاهم".

(حلية الأولياء، ترجمة: الإمام الشافعي، 9/123، ط: دار الكتاب العربي- بيروت/ صفة الصفوة، ومن الطبقة الخامسة، 1/436، ط: دار الحديث، القاهرة-مصر)

ترجمہ:

’’حضرت ربیع بن سلیمان رحمہ اللہ فرماتے ہیں:امام شافعی رحمہ اللہ نے (مجھے مخاطب کرتے ہوئے) فرمایا:اے ربیع!لوگوں کی رضامندی وخوشنودی ایک ایسامقصد ہے جسے حاصل نہیں کیاجاسکتا، لہذا جو چیز  تمہارےلیے فائدہ مند ہو اسی کولازم پکڑو؛کیوں کہ لوگوں کی رضامندی  وخوشنودی کا کوئی راستہ نہیں ہے‘‘۔

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144502100840

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں