بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا اوراناروالا واقعہ


سوال

حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہااور انار کا واقعہ،جس میں آپ رضی اللہ عنہا کو ایک کے بدلے دس انار دنیا میں ملنا منقول ہے، یہ واقعہ کس کتاب میں موجود ہے؟ کیا یہ واقعہ مستند ہے؟

جواب

مذکورہ واقعہ جس کی طرف سوال میں اشارہ کیا گیا ہے،عام طور پر اس کی تفصیل یہ بیان کی جاتی ہے کہ:

" ایک مرتبہ سیدۃ النساء جگر گوشۂ نبی کریم ﷺ حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اللہ تعالیٰ عنہا اپنےگھر میں تشریف فرما تھیں کہ دروازے پر سائل نے دستک دی،آپ نے اپنے پاس موجود ایک انار اسے دے دیا،کچھ دیر بعد دوبارہ دستک ہوئی تو  حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے دروازہ کھولا  اور سامنے  ہدیہ دینے والے  شخص کو کھڑا پایا، جس کے پاس انار تھے، حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے اس سے انار لے کر دو انار علیحدہ کرلیے اور بقیہ حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کو دے دیے،آپ  رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے انار گنے تو وہ آٹھ تھے،جس پر حضرت علی رضی اللہ عنہ سے استفسار کیا کہ ان میں سے دو انار کہاں ہیں؟ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے جواب دیاکہ  وہ میں نےعلیحدہ رکھ لیے ہیں۔ پھرحضرت علی رضی اللہ نے حضرت فاطمہ سے پوچھا کہ آپ کو کیسے پتہ چلا کہ دو انار کم ہیں ؟ فاطمہ رضی اللہ عنہا نےفرمایاکہ اللہ رب العزت نے فرمایا ہے کہ میرے راستے میں ایک دو گے تو میں  بدلے میں  دس گنا زیادہ دوں گا۔ میں نے ایک انار اللہ کی راہ میں دیاتھا تو واپس اللہ نے دس دیے تھے نہ کہ آٹھ۔"

کچھ اسی طرح کی تفصیل کے ساتھ یہ واقعہ عوام الناس میں  مشہور ہے،اور عموماً انفاق فی سبیل اللہ کے  فضائل و واقعات کے بیان کے موقع پر اس واقعے کا بھی تذکرہ کیا  جاتا ہے،لیکن   باوجود تلاش کے کسی مستند کتاب میں اس کا تذکرہ ہماری نظر سے نہیں گزرا؛ لہٰذا جب تک کسی مستند حوالے سے یہ ثابت نہ ہو، بیان کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

فقط واللہ أعلم


فتوی نمبر : 144505101662

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں