بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

حواس گم کردہ شخص کی نماز اور روزے کا حکم


سوال

 میرے نانا بہت بیمار ہیں، کبھی تو وہ اپنے بچوں کو بھی نہیں پہچانتے، کبھی پہچان بھی لیتے ہیں، تاہم نمازوں کا ان کو پتا نہیں چلتا، ہر وقت پوچھتے رہتے ہیں کہ نماز کا وقت ہوگیا یا نہیں؟ کبھی کبھار تو وقت سے پہلے نماز پڑھنا شروع کر دیتے ہیں اور ان کو یہ بالکل نہیں پتا ہوتا کہ دو رکعتیں پڑھنی ہیں یا چار ؟ اس لیےکبھی ایک رکعت پڑھ لیتے ہیں،کبھی چار اور کبھی تین ، روزوں کا بھی نہیں پتا چلتا، دن میں کھا لیتے ہیں، مگر افطاری میں کہتے ہیں کہ روزہ کھولنا ہے،  پاکی کا بھی پتا نہیں چلتا اور نہ خیال رکھ سکتے ہیں، ایسی صورت میں نمازوں اور روزوں کے فدیہ کا کیا حکم ہے؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں اگر سائل کے نانا میں اتنی سمجھ ہے کہ نماز اور روزہ کو فرض سمجھتا ہے ، لیکن عمل میں غلطی ہوجاتی ہے تو نماز کے سلسلے میں سائل کے نانا کے گھر والے ان کی مدد کریں،  یعنی نماز  کے وقت گھر کا کوئی ایک فرد مریض کے قریب بیٹھ کر اسے ہدایات دیتا رہے کہ اب رکوع کرو، اب سجدہ کرو  یا سائل کے نانا مسجد میں جاکر جماعت کے ساتھ نماز پڑھیں یا گھر میں کوئی مرد سائل کے نانا کو باجماعت نماز پڑھا دیا کرے۔

سائل کے نانا رمضان المبارک کے روزےرکھیں تو گھر والے انہیں کچھ کھانے پینے سے روکتے رہیں، لیکن اگر یہ ممکن نہ ہو تو سائل کے نانا کی جانب سے فدیہ ادا کرناپڑے گا۔ ایک روزے کا فدیہ وہی ہے جو ایک صدقہ فطر ہے، یعنی گندم کے اعتبار سے پونے دو کلو گندم یا اس کی قیمت، جو اس سال (1441ھ - 2020ء) کراچی اور اس کے مضافات میں 100 روپے تھی۔ اور  اگر جو، کھجور یا کشمش کے اعتبار سے دے تو یہ اشیاء ساڑھے تین کلو  یا ان کی قیمت۔

الفتاوى الهندية - (1 / 138):
"مصل أقعد عند نفسه إنسانًا فيخبره إذا سها عن ركوع أو سجود يجزيه إذا لم يمكنه إلا بهذا، كذا في القنية".
البحر الرائق شرح كنز الدقائق ـ مشكول - (5 / 24):
"وفي القنية: مريض لايمكنه الصلاة إلا بأصوات مثل أوه ونحوه يجب عليه أن يصلي".
 فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144109202209

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں