بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

26 شوال 1445ھ 05 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

حالتِ روزہ میں عورت کا الٹراساؤنڈ کرنا


سوال

عورتوں کا اندرونی الٹرا ساؤنڈ روزے کی حالت میں جائز ہے یا نہیں ؟اس الٹرا ساؤنڈ میں عضو خاص کی شکل کی ایک ڈیوائس عورت کے فرج والے حصے میں ڈالی جاتی ہے اور اس پہ دوائی لگی ہوئی ہوتی ہے ،عورت کے جسم سے کوئی پانی یا مادہ خارج نہیں ہوتا اور نہ اس ڈیوائس سے کوئی مادہ خارج ہوتا ہے۔

جواب

صورتِ مسئولہ  میں شدید ضرورت کے موقع پر عورت کا اندرونی الٹراساؤنڈ کرانا جائز ہے ،تاہم جس چیز کے ذریعے چیکنگ کی جاتی ہو اگر  وہ تر ہو یا اس پر دوا لگی ہوئی ہو  تو اس آلے  کو شرمگاہ میں داخل کرنے سے  روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور اگر وہ آلہ خشک ہو تو محض اس آلے  کو  داخل کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا،  البتہ اگر خشک چیز داخل کرنے کے بعد  تر ہوجائے تو اسے باہر نکالنے  کے بعد دوبارہ   داخل کرنے  سے روزہ فاسد ہوجائے  گا ۔

روزہ فاسد ہونے کی صورت میں   بقیہ دن کھا نے پینے کی  اجازت نہیں  ہوگی،بلکہ بقیہ دن (غروب ِ آفتاب تک)  روزہ داروں کی طرح بغیر کھائے پیے رہناضروری ہوگا  اور بعد میں اس روزے کی قضا کرنی ہوگی۔

"ولو ‌أدخل ‌أُصبعه في استه أو المرأةُ في فرجها لا يفسد، وهو المختار إلاّ إذا كانت مبتلّةً بالماء أو الدهن فحينئذ يفسد لوصول الماء أو الدهن هكذا في الظهيرية. هذا إذا كان ذاكراً للصوم، وهذا تنبيهٌ حسنٌ يجب أن يحفظ؛ لأنّ الصوم إنما يفسد في جميع الفصول إذا كان ذاكراً للصوم، وإلاّ فلا، هكذا في الزاهديُّ".

(الفتاوی الہندیۃ،کتاب الصوم، الباب الرابع ،النوع الاول  مایوجب القضاء دون الکفارۃ،ج:۱،ص:۲۰۴،ط:دار الفکر)

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144508100876

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں