بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

حلال روزی کے لیے وظیفہ


سوال

میرے  نصیب بند ہیں،  بہت مشکلات سے دوچار ہوں، نہ کوئی کام مل رہا ہے اور نہ کوئی نوکری ۔ میں نے انجینئرنگ کی ہوئی  ہے ،مگر غربت کا برا حال ہے،  پیدائشی  طور پر میرا  تالو بھی کٹا ہوا ہے، جس کی وجہ سے لوگ عزت کی  نگاہ سے نہیں دیکھتے،  مہربانی کرکے  مجھے اچھا سا وظیفہ اور کوئی طریقہ بتادیں جس سے مجھے نوکری یا روزگار ملے۔

جواب

آپ پنج وقتہ نمازوں کی پابندی اور استغفار کی کثرت کریں،  نیز فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ سورۂ  واقعہ اور سورۂ طارق پڑھیں۔اللہ تبارک وتعالیٰ نے آپ  کی روزی جہاں مقدر کی ہے، وہاں ضرور ملے گی، اور جہاں آپ کا رزق نہیں، وہاں نوکری بھی نہیں ملے گی، اس لیے بندے کا کام جائز حدود میں رہ کر کوشش کرنا ہے، نتائج اللہ تعالیٰ کے حوالے کردیں، اور عمومی دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ حلال و پاکیزہ اور بابرکت روزی میسر فرمائے،  نیز ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:

"أَللّٰهُمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ".

اور جب بھی وضو کیا کریں تو دورانِ وضو درج ذیل دعا کا اہتمام کیا کریں:

"أللهُمَّ اغْفِرْلِيْ ذَنْبِيْ وَ وَسِّعْ لِيْ فِيْ دَارِيْ وَ بَارِكْ لِيْ فِيْ رِزْقِيْ".

 روزگار کے حصول کے لیے فجر کی نماز کے بعد اپنی جگہ پر بیٹھے بیٹھے طلوعِ  آفتاب سے قبل ستر مرتبہ سورۃ الشوری کی آیت نمبر   ۱۹ : 

﴿اَللّٰهُ لَطِیْفٌ بِعِبَادِه یَرْزُقُ مَنْ یَّشَآءُ وَهُوَ الْقَوِيُّ الْعَزِیْزَ﴾

 کا ورد کریں اور پھر اشراق پڑھ کر اپنے مقصد کے لیے دعا کریں۔

باقی نصیب کو برا نہ کہیں اور  لوگوں کے عزت دینے نا دینے کے حوالے سے زیادہ فکر  نہ کریں؛ کیوں کہ عزت اور ذلت سب اللہ پاک کے  ہاتھ  میں ہے ،اللہ تبارک و تعالی جس کو چاہیں عزت کی بلند چوٹیوں تک پہنچادیں اور جسے چاہیں ذلیل و رُسوا فرمادیں ، لہٰذا اللہ پاک سے اپنا معاملہ صاف رکھیں اور کسی بھی قسم کے گناہ سے بچتے ہوۓ پاکیزہ اور تقوے والے زندگی گزاریں؛ کیوں کہ اللہ تعالی کے نزدیک سب سے زیادہ عزت مند شخص وہی ہے جو تقوی والے زندگی گزارتا ہے، چنانچہ ارشاد ربانی ہے : 

 اِنَّ اَكْرَمَكُمْ عِنْدَ اللّٰهِ اَتْقٰىكُمْ( الحجرات:۱۳)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144209201507

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں