بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

25 شوال 1445ھ 04 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

علم میں اضافہ اور حافظہ کی تیزی کے لیے اعمال


سوال

علم میں اضافہ کی کون سی دعاپڑھیں؟ میں بہت  دعائیں پڑھتا ہوں، مگر سبق یاد کرنے میں بہت مشکل پیش آتی ہے ، کبھی تو یاد سبق بھی بھول جاتا ہے ، کوئی مجرب (قرآنی دعائیں /وظائف) بتائیں۔

جواب

علم میں اضافہ کے لیےکثرت سے یہ دعا پڑھیں:''رَّبِّ زِدْنِی عِلْمًا''اور ہر نماز کے بعد گیارہ بار  درج ذیل آیات پڑھیں:’’رَبِّ اشْرَحْ لِيْ صَدْرِيْ وَیَسِّرْ لِيْ أَمْرِيْ وَاحْلُلْ عُقْدَةً مِّنْ لِّسَانِيْ یَفْقَهُوْا قَوْلِيْ‘‘.

حافظہ کی تیزی میں  اوراد و وظائف کے ساتھ ساتھ گناہوں سے اجتناب اور یک سوئی کابھی بڑا کردار  ہے، گناہوں سے حافظہ کم زور ہوتا ہے، امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ میں نے اپنے استاذ ’’وکیع‘‘ (رحمہ اللہ) سے اپنے حافظہ کے خراب (کم زور)  ہونے کی شکایت کی تو انہوں (وکیع) نے مجھے گناہوں سے بچنے کی نصیحت کی۔

كما في ديوان الإمام الشافعي رحمه الله:

"شكوت إلى وكيع سوء حفظي ... فأرشدني إلى ترك المعاصي

وأخــبرني بأن الـعـــــــــلم نور ... و نور الله لايهدى لعاص."

 (ص: 8الناشر: مكتبة ابن سينا)

اس سے پتا چلتا ہے کہ گناہوں  کا ایک اثر یہ بھی ہوتا ہے کہ آدمی کی یادداشت(حافظہ) کم زور ہوجاتا ہے،  اس لیے ہر طرح کے صغیرہ و کبیرہ گناہ سے بچنے کا اہتمام نہایت ضروری ہے۔

دوسری چیز جس کا اہتمام کرنے کی ضرورت ہے وہ یک سوئی ہے، تعلیم کے دوران ایسی کوئی بھی مشغولیت جو توجہ تقسیم یا منتشر کردے وہ حفظ کے لیے نقصان دہ ہے، خصوصاً موبائل وغیرہ کا بے جا استعمال۔ 

ہمارے اکابر سےذہانت کی تقویت کے اسباب سے متعلق یہ بھی منقول ہے کہ نہار منہ کشمش اور بادام کااستعمال حافظہ کے لیے مفید ہے، مسواک کا پنج گانہ نماز سے پہلے وضو میں استعمال اور کثرتِ تلاوتِ قرآن مجید  و استغفار سے باطن روشن ہوتا ہے، جو قوتِ حافظہ میں اضافہ  کا باعث ہے۔ حصولِ علم میں مسلسل محنت ، بلاعذر ناغہ نہ کرنا قوتِ حافظہ کے لیے اچھے اعمال ہیں۔

 حافظہ اور ذہانت پر کم نیند اور بے خوابی زہر کا اثر کرتی ہے، اس سے ذہنی الجھن پیدا ہوتی ہے، لہٰذا نیند پوری کرنے کے اہتمام کے ساتھ دوپہر کے اوقات میں قیلولہ کی عادت ڈالیں، اس سے ذہن بیدار رہنے کے ساتھ حافظہ بھی اچھا ہوتاہے،  نیز  اگر آپ طالبِ علم ہیں تو جو چیز یاد کرنی ہو اسے مغرب کے بعد یاد کرنے کا اہتمام کریں، رات سونے سے پہلے اسے  دہرالیں اور صبح اٹھنے کے بعد وضو ونماز سے فراغت کے بعد سب سے پہلے رات یاد کیا ہوا دُہرا لیا کریں۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144411102606

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں