بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قرآن کریم کے مختلف اردو تراجم سے استفادہ کا حکم


سوال

کیا حافظ نذر احمد کا ترجمہ قرآن پڑھا سکتے ہیں؟

جواب

قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا کلام ہے، اس کی فصاحت وبلاغت کا معیار انتہائی عظیم اور بلند تر ہے، اس کے ترجمہ اور تفسیر  کے درست اور صحیح ہونے کے لیے  روایتی 16 علوم سے گہری مناسبت ، اسرار بلاغت کے ساتھ  راسخانہ تعلق، اور قرآن فہمی کے مستند سلسلوں پر انحصار از بس ضروری ہے، اس کے بغیر قرآنِ کریم کے ترجمہ وتفسیر کے درپے ہونا صحت کے غلبہ وگمان کے باوجود خطرے سے خالی نہیں ہے، اس لیے ہم اپنے مستند ومعروف علماءِ  کرام کے چند تراجم کے کے علاوہ کسی اور ترجمہ کے بارے میں ذمہ داری کے ساتھ اجازت وممانعت سے گریز کرتے ہیں اور اسے اپنے دینی اقتضا  اور قرآنی اعجاز کی پاس داری  سمجھتے  ہیں۔

ہمارے اکابر علماء کی رائے میں اپنے ہاں مجرب ومتداول جن چند تراجم سے عوام وخواص کو استفادے کا مشورہ دیا جاتا ہے،  وہ یہ ہیں:

1۔ ترجمہ شیخ الہند رحمہ اللہ۔

2۔ بیان القرآن ۔ از حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ۔

3۔ کشف الرحمن ۔ از مولانا احمد سعید دہلوی رحمہ اللہ  

4۔ انوار البیان ۔ از مولانا عاشق الٰہی بلند شہری رحمہ اللہ

             بنا بریں حافظ نذر احمد صاحب یا کسی اور شخصیت کے ترجمہ قرآن سے استفادے کا مشورہ دینے میں ہمیں مذکورہ بالا اصول کی رو سے تأمل ہے، قرآن فہمی اور ترجمہ قرآن کی دینی  ضرورت کے لیے ہم اپنے علماء کے مذکورہ بالا تراجم کو آسان اور مفید سمجھتے ہیں ، اور اپنے استفادی تجربہ کی بنیاد پر ان تراجم سے استفادے کو موزوں اور سہل سمجھتے ہیں، اور اصولِ   تفسیر کے بنیادی تقاضوں سے ہم آہنگ پاتے ہیں۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144110201092

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں