بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

حج افراد کا طریقہ


سوال

میں ریاض سعودیہ کا رہائشی ہوں،  اور جدہ کے ایک ایجنٹ کے ذریعے حج کی بُکنگ کروائی ہے ، چھ  ذوالحج کو ریاض سے مدینہ منورہ پہنچنا ہے،  اور 7 ذوالحج کو مدینہ منورہ ہوٹل سےفقط احرام باندھ کر نیت کیے بغیر ایجنٹ کے پاس جدہ پہنچنا ہے،  اور جدہ سے حج افراد کی نیت کرنی ہے،  جدہ سے ایجنٹ پورے گروپ کو لے کر ڈائریکٹ مکہ حرم جائے گا،  اب حرم پہنچ کر میں پہلے طوافِ قدوم رمل کے بغیر کروں گا، اور واپس بس میں چلا جاؤں گا،  وہاں سے ہمیں منیٰ لے جایا جائے گا،  آٹھ ذوالحج کی ظہر سے لے کر 9 ذوالحج کی فجر تک کا وقت منیٰ میں گزرے گا،  اور پھر 9 ذوالحج کو فجر پڑھ کر منیٰ سے عرفات جائیں گے ، اور ظہر اور عصر اپنے اپنے وقت پر قصر پڑھنا ہوں گی،  اور غروب آفتاب کے بعد مزدلفہ کے لیے روانہ ہونا ہے،  مزدلفہ پہنچ کر مغرب اور عشا متصل ادا کرنی ہیں،  10 ذوالحج کو فجر کے بعد کھڑے ہو کر دعا مانگنی ہے،  پھر مزدلفہ سے منیٰ پہنچ کر بڑے شیطان کو سات کنکریاں مار کر دعا کیے بغیر واپس آکر قربانی کرنی ہے اور پھر حلق کروا کر عام لباس میں طوافِ زیارت رمل کے ساتھ کرنا ہے،  اور سعی بھی کرنی ہے،  11 ذوالحج کو ظہر کے بعد چھوٹے شیطان کو 7 کنکریاں مار کر دعا کرنی ہے،  پھر درمیانے شیطان کو 7 کنکریاں مار کر دعا کرنی ہے،  اور پھر بڑے شیطان کو 7 کنکریاں مار کر دعا کیے بغیر واپس آجانا ہے،  12 ذوالحج کو ظہر کے بعد 11 ذوالحج والا عمل دوہرانا ہے ،  پھر 12 کی شام طواف وداع کرکے حج افراد مکمل ہو جائے گا اور سعی کیے بغیر واپس ریاض کے لیے روانہ ہو جانا ہے،  اگر اس ترتیب میں کچھ کمی ہے یا غلطی ہے تو برائے مہربانی اصلاح فرما دیں۔

جواب

بصورتِ مسئولہ نو ذی الحج کو اگر انفراداً نماز پڑھے گا، تو ظہر اور عصر کی نماز اپنے اپنے وقت میں پڑھے گا، تاہم امام حج کے ساتھ جماعت سےپڑھنے کی صورت میں  ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ پڑھنی ہے، الگ الگ اپنے وقت میں نہیں پڑھنی ہے، باقی ترتیب درست ہے۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144211201713

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں