بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 شوال 1445ھ 16 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

حضرت جعفر صادق رحمہ اللہ کی حدیثی خدمات


سوال

حضرت جعفر صادق رحمتہ اللہ علیہ نے احادیث پر کیا کیا کام کیا؟ اور ان کی تصانیف بھی بتائیے؟

جواب

حضرت امام جعفر صادق رحمہ اللہ تعالی (متوفی ١٤٨ھ )اپنے وقت کےبڑےفقیہ،محدث اور امام گزرے ہیں،آپ کاشمار صغار  تابعین کے طبقے میں ہوتا ہے،آپ نے جن  اساتذہ اور شیوخ  سے علم حدیث و فقہ کا درس لیا، وہ اپنے دور کے بڑے محدثین،وفقہاء میں سےہیں،جن میں سے چند کے نام یہ ہیں :عبيد الله بن ابى رافع كاتب على ،عروة بن الزبير ،عطاء بن ابى رباح ، قاسم بن محمد بن ابى بكر صديق ،ابو جعفر محمد بن على الباقر  ( آپ کے والد محترم)،محمد بن مسلم بن شهاب زہری ، اورنافع مولى ابن عمر وغیرہ رحمہم اللہ تعالی۔

اسی طرح آپ سے حدیث و فقہ کا درس لینے والوں میں امام ابو حنیفۃ اور امام مالک،سفیان ثوری ،سفیان بن عیینہ ،یحیی بن سعید القطان،اور یحیی بن سعید انصاری جیسے جبال علم اور ائمہ کرام شامل ہیں۔

(سير أعلام النبلاء للذهبي، ٦/ ٢٥٥ ،مؤسسة الرسالة،١٤٠٥ھ)

آپ کی روایات کو امام بخاری اپنی کتاب الادب المفرد  میں، امام  مسلم ،صحیح مسلم میں،امام ابو داؤد،ترمذی،نسائی،اور ابن ماجہ رحمہم اللہ تعالی اپنی اپنی سنن میں لائے ہیں ،جو آپ کے محدث ہونے کی ایک بڑی دلیل ہے۔

(تقريب التهذيب لابن حجر ، تحقيق : الشیخ محمد عوامة حفظه اللہ ،ص: ١٧٩، المکتبة المعروفیة، ١٤٤٢ھ)

تالیفات و تصانیف:

​حدیث کے موضوع پر آپ رحمہ اللہ تعالی کی کوئی با قاعدہ تالیف  ہمارےعلم میں نہیں ،البتہ آپ کی روایات کو جمع کیا گیا ہے اورآپ سے مروی روایات کی تعداد   ٢٣٦ ہے۔(ملاحظہ فرمائیے: مرویات الإمام جعفر الصادق في السنة النبوية وأحوال الرواة عنه، لطيفة إبراهيم القاسم هادی۱/ ٤،وزارة التعليم العالي جامعة أم القرى،١٤٢٢ھ )

​منافع القرآن،یا خواص القرآن کے نام سے ایک تفسیر آپ کی طرف منسوب  ہے جو آپ کی با قاعدہ تالیف نہیں، بلکہ بعد میں کچھ حضرات نے مرتب کی ہے ،اور   صوفیانہ طرز   کی ہے۔

ان کے علاوہ حاجی خلیفہ رحمہ اللہ کی   کشف الظنون عن أسامي الکتب والفنون میں کچھ کتب کی نسبت آپ کی طرف کی گئی ہے،جن کاتعلق علم طب، علم جفر ،علم الرؤيا،اورعلم الحرف کے ساتھ ہے۔(دیکھیے:کشف الظنونعن أسامي الكتب والفنون: ١/ ٣٧٧ ، ٣/ ٤١٧،٤/ ١٢ اور ٤/ ١٠٠، مكتبة المثنى، ١٩٤١م)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144310101361

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں