بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

حدیث میں سیاہ دانے سے مراد کلونجی یا پیاز کے بیج؟


سوال

کلونجی اور پیاز کے بیج میں کیا فرق ہے؟ حدیث میں جو سیاہ دانہ آیا ہے اس سے مراد کلونجی ہے یا پیاز کا بیج ہے؟ایسی کوئی تشریح ہے؟ بعض لوگ کہتے ہیں کہ اس سے مراد پیاز کا بیج ہے۔

جواب

پیاز کے بیج اور کلونجی کے درمیان فرق  کیا ہے؟ اس حوالے سے تو اطباء سے رجوع   کرنا چاہیے، البتہ بعض حضرات کا تجربہ ہے کہ پیاز کے بیج کلونجی سے قدرے بڑے ہوتے ہیں اور وزن میں ہلکے ہوتے ہیں، جب کہ کلونجی کے دانے چھوٹے اور وزنی ہوتے ہیں، نیز اگر کلونجی کے دانوں کو کچھ دیر کاغذ میں رکھاجائے تو تیل کے آثار کاغذ پر ظاہر ہوجاتے ہیں۔

باقی حدیث میں "سیاہ دانے"  سے کیا مراد ہے؟ تو جمہور محدثین نے حدیثِ  مبارک میں وارد  "الحبة السوداء"  کے لفظ سے کلونجی  ہی مراد لی ہے، بخار ی شریف کی روایت میں   "الحبة السوداء" کی تشریح  میں ابنِ  شہاب زہری رحمہ اللہ کا قول ہے کہ اس سے مراد  "الشونیز"ہے، جس کے معنی کلونجی کے ہیں نہ کہ پیاز کے بیج کے، نیز اطباء نے اپنے مجربات میں کلونجی کے ہی مذکورہ فوائد بتلائے ہیں جو احادیث میں وارد ہیں، پیاز کے بیج مراد لینا تکلفِ  محض معلوم ہوتا ہے۔

"حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ عَنْ عُقَيْلٍ عَنْ ابْنِ شِهَابٍ قَالَ: أَخْبَرَنِي أَبُو سَلَمَةَ وَسَعِيدُ بْنُ الْمُسَيَّبِ أَنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ أَخْبَرَهُمَا أَنَّهُ سَمِعَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: فِي الْحَبَّةِ السَّوْدَاءِ شِفَاءٌ مِنْ كُلِّ دَاءٍ إِلَّا السَّامَ. قَالَ ابْنُ شِهَابٍ: وَالسَّامُ الْمَوْتُ، وَالْحَبَّةُ السَّوْدَاءُ الشُّونِيزُ".

(صحیح البخاري ، باب الحبة السواداء :۷/۱۲۴،ط: دارطوق النجاة)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200402

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں