بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

حدیث کی اقسام اور حدیث متواتر کی مثالیں


سوال

حدیث کی اقسام بتائیے، نیز حدیثِ  متواتر کی چند مثالیں دیں!

جواب

حدیث  کی دو قسمیں ہیں: 1- متواتر۔ 2- خبرواحد۔

پھر خبر متواتر کی دو قسمیں ہیں۔ 1- متواتر لفظی، 2- متواتر معنوی۔

اور   خبر واحد کی بھی  کئی  تقسیمات  ہیں  جس کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے :

خبر واحد کی پہلی تقسیم:

خبرواحد اپنے منتہیٰ کے اعتبار سے تین قسم پر ہے:  مرفوع، موقوف، مقطوع۔

خبر واحد کی دوسری تقسیم:

خبرواحد عدد رُواۃ کے اعتبار سے بھی تین قسیم پر ہے: مشہور، عزیز، غریب۔

خبر واحد کی تیسری تقسیم:

خبرواحداپنے راویوں کی صفات کے اعتبار سے سولہ  قسم پر ہے: صحیح لذاتہ، حسن لذاتہ، ضعیف، صحیح لغیرہ، حسن لغیرہ،  موضوع۔ متروک، شاذّ، محفوظ، منکر، معروف، مُعلّل، مضطرب، مقلوب، مصحّف، مُدرج۔  

خبر واحد کی چوتھی تقسیم:

خبرواحد سقوط اور عدم سقوط راوی کے اعتبار سے سات قسم پر ہے: متصل، مسند، منقطع، مُعلّق،  معضل، مرسل، مدلّس۔

خبر واحد کی پانچویں تقسیم:

خبرواحد صیغ (یعنی: الفاظ کی ادائدگی) کے اعتبار سے دو قسم پر ہے: معنعن، مسلسل۔

( خیرالاصول از حضرت مولانا خیر محمد جالندھری صاحب رحمۃ اللہ )

اس کے علاوہ بھی اہل فن حضرات نے کچھ تقسیم فرمائی ہے، جن کی تفصیل  شرح نخبۃ الفکر حافظ ابن حجر عسقلانی رحمۃ اللہ علیہ ، تیسیر مصطلح الحدیث از دکتور محمود الطحان  حفظہ اللہ  اور مقدمۃ ابن الصلاح  وغیرہ اور اس موضوع کی دوسری مطول کتابوں  میں دیکھی جا سکتی ہیں۔

نیز  حدیث متواتر کی چند مثالیں مندرجہ ذیل ہیں: 

1- حدثنا أبو نعيم، حدثنا سعيد بن عبيد، عن علي بن ربيعة، عن المغيرة رضي الله عنه، قال: سمعت النبي صلى الله عليه وسلم يقول: «إن كذبًا علي ليس ككذب على أحد، من كذب علي متعمدًا، فليتبوأ مقعده من النار»: أخرجه البخاري فيباب ما يكره من النياحة على الميت، ج: 2/صفحه: 80/ برقم 1291/ط:  دار طوق النجاة)

2-حدثنا ابن أبي عمر قال: حدثنا سفيان، عن عبد الملك بن عمير، عن عبد الرحمن بن عبد الله بن مسعود، يحدث عن أبيه، عن النبي صلى الله عليه وسلم، قال: «نضر الله امرأ سمع مقالتي فوعاها وحفظها وبلغها، فرب حامل فقه إلى من هو أفقه منه»: أخرجه الترمذي في  باب ما جاء في الحث على تبليغ السماع،ج: 5 صفحه: 34، برقم (2658) ط: شركة مكتبة ومطبعة مصطفى البابي الحلبي - مصر)

3- حدثنا شعبة، عن عبد الله بن أبي السفر، وإسماعيل بن أبي خالد، عن الشعبي، عن عبد الله بن عمرو رضي الله عنهما، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: «المسلم من سلم المسلمون من لسانه ويده»: أخرجه البخاري في  باب المسلم من سلم المسلمون من لسانه ويده، ج: 1/ صفحه: 11، برقم: (10) ط:  دار طوق النجاة).

4 - وحديث رفع اليدين في الدعاء:"أنه رفع يديه في الدعا"یہ روایت حدیث متواتر معنوی کی مثال ہے۔

اس کے علاوہ احادیث متواترہ پر مستقل کتابیں لکھی گئی ہیں۔ علامہ جلال الدین سیوطی  رحمہ اللہ نے اپنی کتاب "الأزهار المتناثرة في الأخبار المتواترة" میں تقریباً ایک سو گیارہ متواتر احادیث نقل کی ہیں، اور علامہ محمد بن الجعفر الکتّانی کی کتاب: "النظم المتناثر من الحدیث المتواتر" میں احادیث متواتر کی مثالیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144207201075

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں