بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

گناہ میں مبتلا شخص کا عمرہ ادا کرنا


سوال

میری شروع زندگی تقوی طہارت والی تھی، (اب میں 28 سال کا ہوں، قطر میں) لیکن نکاح نہ ہونے کی وجہ سے میں گناہ کی طرف حد درجہ مائل ہو گیا، ایسے حالات میں میرے لیے عمرہ ادا کرنا صحیح ہے؟

جواب

عمرہ کی ادائیگی کے لیے آدمی کا گناہوں سے پاک ہوناشرط نہیں ہے، بلکہ گناہوں میں مبتلا شخص بھی عمرہ ادا کر سکتا ہے، اب جب  آپ کو اس بات کا احساس ہے کہ آپ سے گناہوں کا ارتکاب ہو جاتا ہے تو گناہوں سے فوراً توبہ کریں؛ تا کہ اللہ تعالیٰ کے گھر کی حاضری کے وقت آپ گناہوں سے پاک ہوں، ماضی میں کیے ہوئے گناہوں پر دل میں ندامت ہو، آئندہ گناہ نہ کرنے کا مضبوط عزم ہو،  اس طرح گناہوں سے سچی پکی توبہ کر لیں؛ تاکہ آخرت میں پکڑ نہ ہو۔

باقی اگر کسی وجہ سے  نکاح کی کوئی ترتیب نہیں بن رہی ہو اور  روزے رکھنے سے بھی شہوت کا غلبہ کم نہ ہورہا ہو تو  آپ کو چاہیے تسلسل کے ساتھ  روزے رکھتے رہیں،   کسی حکیم کے مشورے سے کھانے میں معتدل اور ٹھنڈے مزاج والی اشیاء استعمال کریں، بدنظری سے پرہیز کریں اور اپنے آپ کو مفید مصروفیات میں مشغول رکھیں، کثرت سے اللہ تعالی کے ذکر کی عادت بنائیں۔

 حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلي الله عليه وسلم نے  فرمایا:

"اے جوانوں کی جماعت!! تم میں سے جس میں نکاح کرنے کی استطاعت ہو، اسے شادی کر لینی چاہیے کیوں  کہ نکاح نگاہوں کو جھکانے والا اور شرمگاہ کی حفاظت کرنے والا ہے اور جو شخص نکاح کرنے کی قدرت نہیں رکھتا اسے روزہ رکھنا اپنے اوپر لازم کرلینا چاہیے ؛ کیوں کہ روزہ انسانی شہوت کو توڑ دیتا ہے۔"

حديث شريف ميں هے:

"عن عبد الله بن مسعود قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: يا ‌معشر ‌الشباب من استطاع منكم الباءة فليتزوج فإنه أغض للبصر وأحصن للفرج ومن لم يستطع فعليه بالصوم فإنه له وجاء."

(مشكوة المصابيح، كتاب النكاح، الفصل الاول، جلد:2، صفحه،927، طبع: المكتب الاسلامي)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144405101776

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں