بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

 Glowroad reselling  کرنا کیسا ہے؟


سوال

 Glowroad reselling  کرنا کیسا ہے؟

جواب

 Glowroad  ایک ایپلی کیشن ہے،  اس ایپلی کیشن  میں ہوتا یہ ہے کہ مثلاً کوئی  ادارہ  انٹرنیٹ پر اپنی  پروڈکٹس  فروخت کرنے کے لیے اُن  کی تشہیر کرتا ہے اور اُس کی کوئی قیمت بھی متعین کرتا ہے،  پھر اگر کوئی دوسرا شخص بھی ان پروڈکٹس کو فروخت کر کے اس سے منافع کمانا چاہتا ہے تو پہلا ادارہ اُس دوسرے شخص سے یہ کہتا ہے کہ آپ بھی ان پروڈکٹس کی تشہیر کرو اور اس کو اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کرو اور اصل قیمت پر جتنا منافع رکھنا چاہو وہ منافع اصل قیمت کے ساتھ ملا کر شیئر کر دو، اب اگر کوئی شخص اس چیز کو خریدتا ہے تو پہلا ادارہ براہِ راست وہ چیز خریدار کی طرف ڈیلیور (ارسال)  کر دیتا ہے اور اُس سے پوری قیمت (اصل قیمت مع دوسرے شخص کا منافع) وصول کر لیتا ہے اور دوسرے شخص کا منافع اس کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیتا ہے۔

 سوال میں جس GLOWROAD ایپلی کیشن سے متعلق سوال کیا گیا ہے  اس کے متعلق  عرض یہ ہے کہ  اس ایپلی کیشن کے ذریعے خرید و فروخت کی دو صورتیں ممکن ہیں:

(1) پہلے ادارے سے کوئی چیز خرید کر اسے آگے بیچنا۔ (2) ادارے اور خریدار کے درمیان کمیشن ایجنٹ کے طور پر کام کرنا۔

پہلی صورت (یعنی پہلے ادارے سے چیز خرید کر آگے بیچنا) مذکورہ ایپلی کیشن کے ذریعے جائز نہیں ہوگی، کیوں کہ اس میں مبیع پر قبضے کی شرط نہیں پائی جارہی۔

مزید تفصیل کے لیے درج ذیل لنک ملاحظہ کیجیے:

آن لائن کاروبار کا حکم

جب کہ دوسری صورت یعنی کسٹمر کو مخصوص ویب سائٹ سے خریدنے کے لیے تیار کرنے پر کمیشن لینا درج ذیل شرائط کے ساتھ جائز ہوگا اور مذکورہ ایپلی کیشن کے ذریعے انجام پانے والا عقد عموماً یہی ہوتاہے:

1- وہ چیز جائز اور حلال ہو جس کی ترغیب دیں۔

2- جس معاملے کی ترغیب دیں وہ عقد ناجائز نہ ہو۔

3- اس چیز کی صفات و فوائد میں مبالغہ آرائی، جھوٹ اور دھوکا دہی  نہ ہو۔

4- اس کا معیار اور قیمت عام مارکیٹ کے معیار اور قیمت کے مطابق ہو۔

5- کسٹمر کو خریداری پر تیار کرنے کے لیے ناجائز ذرائع مثلاً جان دار  یا موسیقی پر مشتمل ویڈیو، یا جان دار کی تصاویر وغیرہ کا استعمال نہ ہو۔

6- کسٹمر کو خریداری کی صرف ترغیب نہ ہو، بلکہ سودا کرنے میں کسی حد تک کمیشن لینے والا بھی شریک ہو، خواہ کمپنی کی طرف سے وکیل ہونے کی شکل میں، یا کسی اور شکل میں۔ کمیشن ایجنٹ واقعی کوئی معتد بہ عمل انجام دے۔

7-کمیشن جانبین کی رضامندی سے بلاکسی ابہام کے متعینہ طور پر طے ہو۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (6 / 63):
"وفي الحاوي: سئل محمد بن سلمة عن أجرة السمسار، فقال: أرجو أنه لا بأس به وإن كان في الأصل فاسدًا؛ لكثرة التعامل". فقط و الله أعلم


فتوی نمبر : 144108201303

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں