بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

22 شوال 1445ھ 01 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

گھر سے کیڑے مکوڑے زیادہ نکلنے کی صورت میں کیا کیا جائے؟


سوال

ہمارے گھر سے کیڑے مکوڑے بہت زیادہ نکل رہے ہیں، ہر روز نکلتے ہیں ،تو ہم نے ایک قریبی امام مسجد کو بتایا تو انہوں نے بتایا کہ یہ جادو کی وجہ سے ہوتا ہے، آپ شرعی طریقے سے ہماری رہنمائی فرما دیجیے، ہم بہت پریشان ہیں!

جواب

زمینی گھروں میں عام طور پر کیڑے مکوڑے نکلتے ہی ہیں، اس کے علاوہ کیڑے مکوڑے نکلنے کی بنیادی وجہ صفائی ستھرائی کی کمی یا گھر میں نمی (پانی کی تراوٹ) کا ہونا بھی ہوتاہے، لہٰذا اگر آپ کے گھر میں یا گھر کے اِرد گِرد صفائی کا صحیح اہتمام نہیں ہے تو  اپنے گھر کو صاف ستھر ارکھیں، اور پھر بھی کیڑے مکوڑے ہوں تو انہیں ختم کرنے کے لیے کیڑے مار دواؤں کا استعمال کریں  یا اس شعبہ سے متعلقہ حضرات  سے راہ نمائی حاصل کریں، بلاوجہ شک  کرنا یا ہر چیز کو جادو یا عملیات کا اَثر سمجھنا مناسب نہیں ہے۔ عمومًا شیطانی وساوس، انسانی نفسیات، نظرِ  بد اور حسد کے اثرات وغیرہ اور بعض اوقات  لوگوں کی باتیں انسان کو  جادو کے وہم میں مبتلا کردیتے ہیں، بہرحال  آپ مندرجہ ذیل اعمال کااہتمام کریں ان شاء اللہ جادواور دیگراثرات سے محفوظ رہیں گے:

1- ظاہری وباطنی طہارت کا اہتمام۔

2- پنج وقتہ نمازوں کی پابندی ۔

3- قرآنِ کریم کی تلاوت  اور قرآنی آیات پر مشتمل "منزل" نامی مجموعہ (جو شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا رحمہ اللہ نے ترتیب دیا ہے، اس) کی بھی باقاعدگی سے تلاوت کریں۔

4- آیۃ الکرسی اور آخری تین قُل یقین کے ساتھ صبح و شام  تین تین مرتبہ پڑھنے کا اہتمام کریں۔

5- اور وساوس واوہام کی طرف بالکل توجہ نہ دیں۔

اگر پھر بھی فرق نہ آئے تو  کسی  مستندمتبعِ سنت  عالم سے براہِ راست رجوع کریں ۔ 

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144111200175

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں