بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

غیر محرم لڑکا لڑکی کا آپس میں ملنا اور بات کرنا گناہ ہے


سوال

میری بیٹی کی عمر سولہ سال ہے اور لڑکے کی عمر بیس سال ہے،  دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں، ابھی دونوں پڑھ رہے ہیں، اس وجہ سے ہم نے منگنی نہیں کی ہے، لیکن دونوں کے گھر والے راضی ہیں، دونوں ایک دوسرے سے فون پر بات کرتے ہیں اور کبھی کبھی لڑکا گھر پر ہمارے سامنے ملنے بھی آ جاتا ہے، آ ج کل کے ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا شریعت میں کیا حکم ہے ؟

جواب

صورتِ  مسئولہ میں  مذکورہ لڑکا اور لڑکی کا  ایک دوسرے کو پسند کرنا، اور فون پر بات کرنا، اور  لڑکی کا بغیر پردہ سامنے آنا، اور دونوں کا ملاقات  اور گفتگو کرنا  سب شرعاً ناجائز اور گناہ  کی بات ہے۔ لڑکا لڑکی اور  ان کے والدین سب کو مذکورہ گناہ پر توبہ واستغفار کرنا چاہیے۔اگر دونوں  کے والدین، اور لڑکا لڑکی  راضی ہیں  تو دونوں کا جلد از جلد   نکاح کر الیا جائے بہتر ہوگا۔

تاہم جب تک نکاح نہیں ہو جاتا، دونوں کا آپس میں کسی بھی قسم کا تعلق رکھنا شرعاً جائز نہیں ہے؛ لہٰذا  بچی کے والدین پر لازم ہے کہ وہ اپنی بچی کو فی الفور سختی سے مذکورہ لڑکے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق، میل جول، اور گفتگو، اور  ٹیلی فونی رابطے  سے منع کریں۔ اور بیٹی کو شرعی پردے کا  پابند بنائیں، اور خصوصی توجہ رکھیں، اور مذکورہ لڑکے کو بھی گھر آنے اور  ملاقات سے منع کردیں۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144206200011

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں