بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

غیر کی معتدہ یا منکوحہ سے نکاح منعقد نہیں ہوتا


سوال

 اگر عورت دوران عدت نکاح کر لے کسی اور جگہ تو اس نکاح کی شرعی حیثیت کیا ہے اور  اگر شادی شدہ عورت جھوٹ بول کے خود کو کنواری ظاہر کر کے بنا والدین اور بھائی کی اجازت کے نکاح کر لے تو اس کی کیا شرعی حیثیت ہے ؟

جواب

صورت مسئولہ میں عدت کے دوران  کسی  دوسرے آدمی سے نکاح کرنا شرعا جائز نہیں اور ایسا نکاح شرعا سرے سے منعقد ہی نہیں ہوتا۔ اسی طرح شادی شدہ عورت کا شوہر سے طلاق یا خلع لیے بغیر خود کو کنواری ظاہر کرکے نکاح کرنے سے بھی نکاح منعقد نہیں ہوتا۔ تاہم اگر کوئی عورت شادی شدہ ہو نے کے بعد طلاق یافتہ یا بیوہ ہوجائے اور عدت گزرنے کے بعد خود کو کنواری ظاہر کرکے نکاح کرے تو غلط بیانی کی وجہ سے گناہ گار ہوگی تاہم اس  کے باوجود اس کا نکاح منعقد ہوجائے گا۔

باقی نکاح کے معاملہ میں بہتر یہ ہے کہ والدین/ اولیاء کو اعتماد میں لیکر ان کی اجازت سے نکاح کرے، عاقلہ بالغہ عورت کا اپنے والدین/اولیاء کی اجازت کے بغیر از خود نکاح کرلینا ناپسندیدہ ہے اگرچہ شرعا نکاح منعقد ہوجاتا ہے۔

فتاوی ہندیہ میں ہے :

"لا يجوز للرجل أن يتزوج زوجة غيره وكذلك المعتدة، كذا في السراج الوهاج. سواء كانت العدة عن طلاق أو وفاة أو دخول في نكاح فاسد أو شبهة نكاح، كذا في البدائع"۔

(کتاب النکاح، باب بیان المحرمات، القسم السادس، ۱ ؍ ۲۸۰، ط : رشیدیہ)

فتاوی شامی میں ہے:

"(فنفذ نكاح حرة مكلفة  بلا) رضا (ولي) والأصل أن كل من تصرف في ماله تصرف في نفسه وما لا فلا".

 (3/ 55، کتاب النکاح ، باب الولی، ط: سعید)

بدائع الصنائع  میں ہے:

"الحرة البالغة العاقلة إذا زوجت نفسها من رجل أو وكلت رجلاً بالتزويج فتزوجها أو زوجها فضولي فأجازت جاز في قول أبي حنيفة وزفر وأبي يوسف الأول سواء زوجت نفسها من كفء أو غير كفء بمهر وافر أو قاصر غير أنها إذا زوجت نفسها من غير كفء فللأولياء حق الاعتراض".

(2/ 247،کتاب النکاح، فصل: ولایة الندب والاستحباب في النکاح، ط: سعید )

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144309100745

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں