بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

گھریلو پریشانی


سوال

السلام علیکم، میری شادی کو 9 سال ہوگئے ہیں، لیکن جب سے شادی ہوئی ہے عجیب طرح کی مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا ہے، سسرال والے بھی اچھے نہیں اور شوہر بھی نہایت غیر ذمہ دار ہیں، ہر کام میں رکاوٹ لگتی ہے اور عجیب عجیب طویل گندے اور ڈرانے والے خواب آتے ہیں، کبھی گندگی کبھی بھوت اور آسیب، کبھی کچھ عجیب ویران جگہ یا گھر دیکھتی ہوں۔ زندگی سے بے زار ہوتی جارہی ہوں، اب دل کرتا ہے خودکشی کرلوں۔

جواب

اس دنیا میں کسی انسان کو پریشانیوں اور آزمائشوں سے چھٹکارا نہیں ہے، اس لیے کہ یہ دنیا ہے ہی امتحان اور آزمائش کی جگہ، اس دنیا کی زندگی میں مکمل آسودگی اور خوشحالی کا خواب کبھی بھی پورا نہیں ہوسکتا۔ سسرال اور شوہر کی طرف سے جو کچھ پریشانیاں آپ کو لاحق ہیں، اس سلسلے میں خاندان کے بڑے بااثر افراد کے ذریعے معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوسکتے ہیں۔ اور برے خوابوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے رات سوتے وقت مسنون دعاؤں اور قرآن آیات مثلا سورہ فاتحہ، آیت الکرسی، چار قل وغیرہ کا اہتمام کرتی رہیں۔ فرض نمازوں میں ہرگز کوتاہی نہ کریں، اور ہر نماز کے بعد آہ و زاری اور عاجزی کے ساتھ اللہ کریم کے دربار میں اپنی پریشانیوں کے حل کے لیے دعائیں مانگیں۔ جلد آپ اس کیفیت سے آرام پالیں گی۔ خودکشی کرنا شریعت میں حرام ہے، اس سے دنیا کے معمولی مصائب سے نجات تو شاید مل جائے لیکن آخرت کی ابدی زندگی میں ہمیشہ کے لیے خودکشی کرنے والے کو خودکشی کی نوعیت کا سا عذاب مسلسل ملتا رہے گا۔ فقط واللہ أعلم


فتوی نمبر : 143407200014

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں