بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

گھریلو پریشانیاں دور کرنے، قرض سے خلاصی، بے اتفاقی دور کرنے اور خیروبرکت کےلیے وظیفہ


سوال

ہمارے گھر میں بہت پریشانیاں ہیں،  قرض میں ڈوبے ہیں،  بیمار بھی بہت ہوتے ہے،  سب سے بڑی بات گھر میں برکت نہیں ہے ، پانچ وقت کا نماز پڑھتے ہیں،  اور پانچ وقت قرآنِ کریم کی تلاوت بھی ہوتی رہتی ہے،  خاندان میں نااتفاقی ہے،  کوئی اچھا سا وظیفہ بتادیں،  جس سے سارے پریشانی ختم ہو جائے،  کاروبار اور گھر میں برکت ہوجائے۔

جواب

۱۔اگر کوئی شخص کسی مصیبت یا پریشانی میں پڑگیا ہے،  اور کسی طرح وہ مصیبت دور ہی نہیں ہوتی تو یہ عمل کیا جائے۔

نماز فجر پڑھ کر قرآن کریم کی تلاوت اور  ذکر میں مشغول رہیے،  یہاں تک کہ آفتاب بلند ہوجائے پھر دو رکعت نفل  اشراق پڑھیے،  اس کے بعد سورہ توبہ کی آخری دو آیتیں گیارہ بار پڑھیے، 

لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ عَزِیْزٌ عَلَیْهِ مَا عَنِتُّمْ حَرِیْصٌ عَلَیْكُمْ بِالْمُؤْمِنِیْنَ رَءُوْفٌ رَّحِیْمٌo فَاِنْ تَوَلَّوْا فَقُلْ حَسْبِىَ اللّـٰهُ لَآ اِلٰـهَ اِلَّا هُوَ ۖ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ ۖ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيْـمِo 

پھر سر بسجود ہو کر حق تعالیٰ سے امن و عافیت طلب کیجئے ، ان شاء اللہ  چند روز میں آپ کی مصیبت ،پریشانی دور ہوجائیگی اور دل کو اطمینان حاصل ہوگا، اور حاجت براری بھی نصیب ہوگی۔ 

۲۔قرض کی ادائیگی کے لیے ان چند باتوں پر عمل کریں، ان شاء اللہ ان کی برکت سے اللہ تعالی قرض کے بوجھ سے خلاصی عطا فرمائیں گے :

(1) سب سے پہلے گناہوں سے توبہ کریں اور استغفار کی کثرت کریں، استغفار کی کثرت سے مال واولاد میں ہرطرح کی خیروبرکت کا وعدہ قرآن مجید میں موجود ہے۔

(2) نمازو روزے کی پابندی کریں۔

(3) زکاۃ واجب ہے تو وقت پر اداکردیں۔

(4) سود سے دور رہیں۔

(5)روزانہ مغرب یا عشاء کے بعد سورہ واقعہ پڑھا کریں۔

(6) یہ دعا روزانہ 21 بار پڑھیں :'' اَللّٰهُمَّ اکْفِنِيْ بِحَلَالِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَأَغْنِنی بِفَضْلِكَ عَمَّنْ سِوَاكَ.''

(7) ہر نماز کے بعد یہ دعا پڑھیں:''اَللّٰهُمَّ إِنِّيْ أَعُوْذُبِكَ مِنَ الْهَمِّ وَالْحَزَنِ، وَأَعُوْذُبِكَ مِنَ الْعَجْزِ وَالْكَسْلِ، وَأَعُوْذُبِكَ مِنْ غَلَبَةِ الدَّيْنِ وَقَهْرِ الرِّجَالِ.''

(8) دورد شریف صبح وشام ۲۱-۲۱ مرتبہ پڑھاکریں۔

اور اسی طرح سورۃ الشوریٰ کے دوسرے رُکوع کی آخری آیت:’’ اَللهُ لَطِیْفٌ بِعِبَادِه ...الخ“(۲۵واں پارہ، سورۃ الشوریٰ آیت نمبر: 19) آخر تک اسی (80)مرتبہ فجر کے بعد پڑھا کریں، اگر داڑھی منڈاتے یا کتراتے ہیں تو اس سے توبہ کریں۔

۳۔درج ذیل دعا کثرت سے پڑھتے رہیں:

"تَوَكَّلْتُ عَلَی الْحَیِّ الْذِيْ لَایَمُوْتُ، اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِيْ لَمْ يَتَّخِذْ وَلَدًا وَّ لَمْ یَکُنْ لَّهُ شَرِیْكٌ فِي الْمُلْكِ وَ لَمْ یَکُنْ لَّهُ وَلِيٌّ مِّنَ الذُّلِّ وَ كَبِّرْهُ تَکْبِيْرًا."

(معارف القرآن، سورہ بنی اسرائیل)

حضرت ابوہریرہ (رضی اللہ عنہ) فرماتے ہیں: ایک روز میں رسولِ کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھ باہر نکلا اس طرح کہ میرا ہاتھ آپ کے ہاتھ میں تھا، آپ کا گزر ایک ایسے شخص پر ہوا جو بہت شکستہ حال اور پریشان تھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم  نے پوچھا کہ تمہارا یہ حال کیسے ہوگیا؟ اس شخص نے عرض کیا کہ بیماری اور تنگ دستی نے یہ حال کردیا،  آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں تمہیں چند کلمات بتلاتا ہوں وہ پڑھو گے تو تمہاری بیماری اور تنگ دستی جاتی رہے گی وہ کلمات یہ تھے:

"تَوَكَّلْتُ عَلَی الْحَیِّ الْذِيْ لَایَمُوْتُ، اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِيْ لَمْ يَتَّخِذْ وَلَدًا وَّ لَمْ یَکُنْ لَّهُ شَرِیْكٌ فِي الْمُلْكِ وَ لَمْ یَکُنْ لَّهُ وَلِيٌّ مِّنَ الذُّلِّ وَ كَبِّرْهُ تَکْبِيْرًا."

اس کے کچھ عرصہ بعد پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس طرف تشریف لے گئے تو اس کو اچھے حال میں پایا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خوشی کا اظہار فرمایا، اس نے عرض کیا کہ جب سے آپ نے مجھے یہ کلمات بتلائے تھے، میں پابندی سے ان کو پڑھتا ہوں۔ (ابویعلی و ابن سنی از مظہری)

۴۔ اسی طرح بے اتفاقی دور کرنےکےلیےاورآپس میں محبت قائم کرنےکےلیےمذکورہ دعائیں پڑھیں:

(۱) اللّٰهُمَّ أَلِّفْ بَیْنَ قُلُوْبِنَا وَأَصْلِحْ ذاتَ بَیْنِنَا کا ورد کثرت سے رکھیں۔

(۲)یَا لَطِیْفُ یَا وَدُوْدُ تین تسبیح بعد نماز عشاء پڑھ کر خوب دعا کریں، ان شاء اللہ فائدہ ہوگا۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144311102181

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں