بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 شوال 1445ھ 27 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا غیر مسلم کبھی جنت میں جائے گا؟


سوال

 کیا غیر مسلم جہنم میں سزا کاٹنے کے بعد جنت میں داخل ہو گا؟

جواب

غیر مسلم جو کفر ہی کی حالت میں انتقال کرگیا وہ جنت میں داخل نہیں ہوگا، جنت میں داخلے کے لیے ایمان کا ہونا شرط ہے، اس لیے گناہ گار مسلمان تو اپنی سزا کاٹ کر ایمان کی بدولت اللہ کی رحمت کے حق دار بن کرجنت میں داخل ہوں گے، لیکن غیر مسلم ایمان نہ ہونے کے باعث اس اعزاز کے مستحق نہیں ہوں گے۔ بلکہ جب گناہ گار اہلِ ایمان کو  سزا کاٹ کر جہنم سے نکل کر جنت میں جاتا دیکھیں گے تو کفار بھی یہ تمنا کریں گے کہ کاش وہ مسلمان ہوتے، ارشادِ خداوندی ہے:

{رُّبَمَا يَوَدُّ الَّذِينَ كَفَرُوا لَوْ كَانُوا مُسْلِمِينَ} [الحجر:2]

ترجمہ: کافر لوگ بار بار تمنا کریں گے کہ کیا خوب ہوتا اگر وہ (یعنی ہم دنیا میں) مسلمان ہوتے۔ (بیان القرآن)

دوسری جگہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:

{إِنَّ الَّذِينَ كَذَّبُوا بِآيَاتِنَا وَاسْتَكْبَرُوا عَنْهَا لَا تُفَتَّحُ لَهُمْ أَبْوَابُ السَّمَاءِ وَلَا يَدْخُلُونَ الْجَنَّةَ حَتَّىٰ يَلِجَ الْجَمَلُ فِي سَمِّ الْخِيَاطِ ۚ وَكَذَٰلِكَ نَجْزِي الْمُجْرِمِينَ}  [الأعراف: 40]

ترجمہ: جو لوگ ہماری آیتوں کو جھوٹا بتلاتے ہیں اور ان (کے ماننے) سے تکبر کرتے ہیں، ان کے لیے آسمان کے دروازے نہ کھولے جاویں گے، اور وہ لوگ کبھی جنت میں نہ جاویں گے جب تک کہ اونٹ سوئی کے ناکے کے اندر سے نہ چلا جاوے، اور ہم مجرموں کو ایسی سزا دیتے ہیں۔ (بیان القرآن)

ف: اور یہ محال ہے، پس معلق بالمحال بھی ہمیشہ کے لیے منفی ہوگا۔ (بیان القرآن)

حدیث شریف میں ہے: حضرت ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

’’اس ذات کی قسم جس کے قبضہ میں محمدﷺکی جان ہے !اس امت میں سے جوشخص بھی خواہ وہ یہودی ہویانصرانی،میری نبوت کی خبرپائے اورمیری لائے ہوئی شریعت پرایمان لائے بغیرمرجائے، وہ دوزخی ہے۔‘‘

[مسلم:ج:۱ ص:۸۶، مشکوۃ المصابیح،ص:۱۲]

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144110200123

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں