میرا تعلق خیبر پختونخواہ سے ہے، پنجاب میں پڑھنے کے لیے آیا تھا ، پڑھائی مکمل ہونے کے بعد پنجاب میں فیصل آباد کی ایک لڑکی سے محبت ہوگئی ہے ، اب یہ محبت دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے ، رشتہ کے لیے میرے گھر والے بھی راضی نہیں اور لڑکی کی طرف سے بھی رسپانس کچھ خاص ٹھیک نہیں ، ایسے ہی اُن کے گھر والوں کے ساتھ بات بھی نہیں کی ، براہ کرم ایسی رہنمائی فرمائیں کہ یہ لڑکی میرے دل ودماغ سے تاحیات نکل جائے، کوئی قرآنی مجرب عمل یا مستند وظیفہ !
سائل کو چاہیے کہ مندرجہ ذیل دعاؤں کا اہتمام کریں، ہر نماز کے بعد انہیں پڑھا کرے تو اللہ تعالی بہتری کا معاملہ فرمائیں گے ان شاء اللہ!
"(الف) "اَللّٰهُمَّ إِنِّيْ أَسأَلُكَ حُبَّكَ وَحُبَّ مَن یُحِبُّكَ وَحُبَّ عَمَلٍ یُقَرِّبُ إِلٰى حُبِّكَ."
(ب) "اَللّٰهُمَّ أعِنِّيْ عَلىٰ ذِكْرِكَ وَ شُکرِكَ وَ حُسنِ عِبَادَتِكَ."
(ج)"اللَّهُمَّ طَهِّرْ قَلْبِي مِنَ النِّفَاقِ وَعَمَلِي مِنَ الرِّيَاءِ وَلِسَانِي مِنَ الْكَذِبِ وَعَيْنِي مِنَ الْخِيَانَةِ فَإِنَّكَ تَعْلَمُ خَائِنَةَ الْأَعْيُنِ وَمَا تُخْفِي الصُّدُورُ."
روزانہ دو رکعت نفل توبہ اور حاجت کا ارادہ دل میں رکھ کر پڑھے، اور اس کے بعد یہ دعا سات مرتبہ مانگے:
"اَللّٰهُمَّ إِنِّیْ أَسْأَلُكَ الْھُدىٰ وَالتُّقىٰ وَالْعَفَافَ وَالْغِنىٰ." ( مسلم :رقم ۲۷۲۱)
نیز سائل کو چاہیے کہ وہ لڑکی سے دور رہے، اس سے نہ ملے، نہ اُسے سوچے، خود کو نیک اعمال یا بامقصد جائز کاموں میں اتنا مصروف رکھے کہ اس طرف دھیان ہی نہ رہے۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144503102788
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن