بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

غیر مفتی کو مفتی کہنا


سوال

 میں ایک مدرسہ میں تعلیم کی خدمت کرتا ہوں۔ اس مدرسہ کے اساتذہ میں سے اکثر نے تو افتاء پڑھا ہے اور بعض نے افتاء نہیں پڑھا۔ مختلف موضوعات پر اساتذہ کے نام خط لکھنے پڑتے ہیں۔ میں خط کے لفافے پر کسی کیلئے "مفتی" نہیں لکھتا ہوں۔ بلکہ "مولانا" لکھتا ہوں۔ بعض اساتذہ نے اس پر اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا "مفتی" نہ لگاۓ تو اپنے بارے میں نہ لگائے دوسروں کے لئے لگانے سے کیا مضائقہ ہے؟ میں نے کہا : یہ ایک شرعی اصطلاح ہے۔ عام طور پر اس کا استعمال کیسے مباح ہو گا؟ میں کسی کے بارے میں یہ لفظ استعمال نہیں کروں گا۔ اب میں جاننا چاہتا ہوں کہ کیا "مفتی" کا لفظ عام استعمال کیا جا سکتا ہے؟ یا اس کے استعمال کی حد کیا ہے؟ اور ایسے محل جہاں عام رواج ہو گیا لفظ "مفتی" استعمال کرنے میں (چاہے افتاء پڑھے یا نہ پڑھے) کیا وہاں سب کیلئے لفظ "مفتی" استعمال کرنے سے مجھے کوئی گناہ ہوگا؟ 

جواب

مفتی وہ شخص ہے جس نےکسی ماہر مفتی کی زیرتربیت اصول افتاء کے ساتھ فتوی نویسی کی مشق بھی کی ہو،اس لیے غیر مفتی کو مفتی کہنا تو درست نہیں،اگر لاعلمی میں یا دوسروں کےکہنے / دیکھا دیکھی میں کسی کو مفتی کہہ دیا تو اس پر کوئی گناہ نہیں ہوگاالبتہ   اس کی پہلے تحقیق کرلینی چاہیے،کیونکہ اس میں خلاف واقع امر کی ترویج ہونے کے ساتھ لوگوں کا اس سے  دھوکہ میں پڑنے کا اندیشہ بھی ہے،اس لیے اگر جان کر کسی غیر مفتی کو مفتی کہا تو شرعا گناہ ہوگا،بہتر یہ ہے کہ پہلے معلومات کرلیں ، اس کے بعد جو مفتی ہوں  لفافہ پر ان کے  نام کے ساتھ مفتی لکھیں اور جو مفتی نہیں اس کے نام کے ساتھ مفتی لکھنے سے گریز کریں۔

مجموعہ رسائل ابن عابدین میں ہے:

"وقد رأيت في فتاوى العلامة ابن حجر سئل في شخص يقرأ ويعتمد على مطالعته في الكتب فهل يجوز له ذلك أم لا؟فأجاب بقوله لايجوز له الافتاء بوجه من الوجوه......ـ"

(الرسالۃ الاولی:العلم الظاہر فی نفع النسب الطاہر،ج1،ص15،ط؛سہیل اکیڈمی لاہور)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144411101829

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں