۱۔ایک خاتون ہے جس کے پاس زمین ہے ،اور اس زمین کی قیمت زکات کے نصاب تک پہنچتی ہے، اور اس زمین پر ابھی تک کچھ نہیں اگایا ہے، حالانکہ اس زمین میں باغ،اور کھیتی اگانے کی صلاحیت موجود ہے، اور مذکورہ خاتون کے پاس نقد پیسے نہیں ہیں۔
سوال یہ ہے کہ کیا اس خاتون پر قربانی واجب ہے یا نہیں ؟
۲۔ایک آدمی صاحب نصاب ہے یعنی اس کے پاس زمین ہے ،لیکن زمین پر کچھ نہیں اگایا ہے ،اس کے پاس نقد پیسے نہیں ہیں۔
کیا اس شخص کو زکات کے پیسے دینا درست ہے؟
کیا اس شخص پر قربانی واجب ہے ؟
۱۔دونوں صورتوں میں مذکورہ خاتون اور مذکورہ شخص کے پاس جو غیر آباد زمین ہے، اگر وہ ان کی ضرورت اصلیہ سے زائد ہے، اور اس کےعلاوہ ان کے پاس کوئی مال نہیں ہے،تو اگر اس زمین کی قیمت زکوٰۃ کے نصاب یعنی (ساڑھے باون تولہ چاندی کی موجودہ قیمت) کے بقدر ہو، تو ان دونوں پر قربانی واجب ہے۔
۲۔صورت مسئولہ میں اگر مذکورہ شخص نے اپنی ملکیت میں موجود زمین کو خود اپنی کوتاہی سے غیر آباد چھوڑا ہوا ہے،اور وہ زمین قیمتی ہے (بلکل بنجر نہیں ہے) ،اور اس کی حاجت اصلیہ سے زائد ہے، اور اس زمین پر رہائش کے لیے گھر بنانے وغیر ہ کی نیت بھی نہیں ہے،اور اس زمین کی قیمت زکات کے نصاب کے بقدر بھی ہے،تو ایسی صورت میں مذکورہ شخص مستحق زکات نہیں ہوگا، اور اس کو زکات دینےسے زکات ادا نہیں ہوگی۔
فتاوی عالمگیری میں ہے:
"ولا یشترط أن یکون غنیا في جمیع الوقت حتی لوکان فقیرا في أول الوقت ثم أیسر في آخرہ تجب علیه."
(كتاب الأضحية، الباب الأول في تفسير الأضحية وركنها وصفتها وشرائطها وحكمها، ج:5، ص:292، 293، ط: دار الفكر بيروت)
فتاوی شامی میں ہے:
"(وشرائطها: الإسلام والإقامة واليسار الذي يتعلق به) وجوب (صدقة الفطر)۔۔۔
(قوله: واليسار إلخ) بأن ملك مائتي درهم أو عرضاً يساويها غير مسكنه وثياب اللبس أو متاع يحتاجه إلى أن يذبح الأضحية، ولو له عقار يستغله فقيل: تلزم لو قيمته نصاباً، وقيل: لو يدخل منه قوت سنة تلزم، وقيل: قوت شهر، فمتى فضل نصاب تلزمه. ولو العقار وقفاً، فإن وجب له في أيامها نصاب تلزم."
(كتاب الأضحية، ج:6، ص:312، ط: سعید)
امداد الفتاوی میں ہے:
"سوال: وجوب فطر واضحیہ وحرمتِ اخذ، زکوۃ وغیرہ و صدقات کے لیے عقار کی غناء کس طرح پر ہے ؟بہت جزئیات دیکھے مگر تسکین نہ ........اس مسئلہ میں منقح حکم فرمایا جاوے۔
الجواب :روایات مذکورہ تو زیادہ دیکھنے کا اتفاق نہیں ہوا ،لیکن استاذی علیہ الرحمہ امام کومحمد ؒکے قول پر فتوی دیتے ہوئے دیکھا،اور خود احقر کا عمل بھی اسی پر ہے ،مگر اس مین قدرے تفصیل ہے :وہ یہ کہ اگر اس عقار سے یہ شخص استغلال نہیں کرتا تب تو خود اس کی قیمت کا اعتبا ر ہے ،پس اگر وہ فاضل از حاجتِ اصلیہ قیمت بقدرِ نصاب ہے تو مانع اخذِ زکوۃ وموجبِ فطر واضحیہ ہے،اور اگر اس سے استغلال کرتا ہے تو اس کے غلہ کا اعتبار ہے، اگر اس کا غلہ سال بھر کے خرچ سے بمقداِر نصاب نہیں بچتا تو مانع اخذِ زکوۃ وموجبِ فطر واضحیہ نہیں ،اور امام صاحب کے قول کا تقدم علی الاطلاق نہیں .کما فصل فی رسم المفتی ۔"
(کتاب الزکوۃ والصدقۃ ،:ج :2،ص :60،ط :دارالعلوم کراچی )
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144411101294
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن