بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

فقہ شافعی میں زنا سے حرمتِ مصاہرت کے ثبوت کا حکم


سوال

 کیا فقہ شافعی میں ساس کے ساتھ داماد کے زنا سے اور سسر کے ساتھ بہو کے زنا سے نکاح نہیں ٹوٹتا؟ اور شوہر چاہے تو بیوی کو  رکھ سکتا ہے؟

جواب

حرمتِ مصاہرت  جس طرح نکاح سے ثابت ہوجاتی ہے، اسی طرح زنا سے بھی ثابت ہوجاتی ہے،یہی اَحناف ،  حنابلہ،اور ایک روایت کے مطابق امام مالک  رحمہ اللہ  کا مسلک ہے اور  احناف  کے نزدیک شرائطِ معتبرہ کے  ساتھ  دواعی زنا( شہوت کے ساتھ چھونے اور دیکھنے)  سے بھی حرمتِ مصاہرت  ثابت ہوجاتی ہے، یہی مسلک بہت سے  صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین  اور کبارِ تابعین رحمہم اللہ   کا ہے،   اور دلائلِ نقلیہ اور عقلیہ سے مؤید ومبرہن اور نہایت  ہی  اَحوط ہے۔

لہذااگر   کوئی شخص کسی عورت سے نکاح کرلے ، یا اس سے وطی کرلے خواہ نکاحِ صحیح کے بعد، یا نکاحِ فاسد کے بعد، یا زنا کرے، یا اس عورت کو شہوت کے ساتھ کسی حائل کے بغیر  چھولے یا شہوت کے ساتھ اس کی شرم گاہ کے اندرونی حصہ کی طرف دیکھ  لے تو حرمتِ مصاہرت ثابت ہوجاتی ہے، یعنی اس عورت کے اُصول وفروع ، مرد پر حرام ہوجائیں گے اور اس مرد کے اُصول وفروع ، عورت پر حرام ہوجائیں گے۔

البتہ شوافع اور مالکیہ کے نزدیک زنا سے حرمتِ  مصاہرت ثابت نہیں ہوتی۔

لیکن کسی شخص کے لیے حرمتِ مصاہرت  کے ثبوت کی صورت میں مذہبِ حنفی سے عدول کرکےمذہب شافعی  اختیار کرنا، یا کسی شخص کا حرمتِ مصاہرت کے مسئلہ میں  مذہبِ غیر پر فتویٰ دینا اور اس بنیاد پر حرمتِ مصاہرت کے شرائط کے ساتھ ثبوت کے باوجود بیوی کو اپنے پاس رکھنا جائز نہیں ہے۔

اس موضوع پر ہمارے ہاں سے ایک تفصیلی فتویٰ جاری ہوچکا ہے، جس میں تفصیلی حوالہ جات، مذہبِ غیر پر فتویٰ نہ دینے کی وجوہات، زنا اور دواعی زنا سے حرمتِ  مصاہرت کے ثبوت کے شرعی دلائل موجود ہیں،  ذیل میں دیے گیے  لنک سے آپ یہ فتویٰ حاصل کرسکتے ہیں:

حرمتِ مصاہرت میں معاشرے کی ضرورت کی وجہ سے مذہب غیر پر فتوی دینا (تفصیلی فتویٰ)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144204200500

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں