بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

والد نے بچوں سے مخاطب ہوکر دو مرتبہ کہا: "میں آپ کی والدہ کو طلاق دیتا ہوں"


سوال

میرا شوہر نشے کا عادی ہے، کچھ دن قبل نشہ کی حالت میں گھر آیا، بچوں سے لڑنے جھگڑنے لگا، میں ڈر کے مارے کمرے میں چھپ گئی اور شوہر مجھے بھی گالم گلوچ کرنے لگا، حتی کہ اس نے بچوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ "میں آپ کی والدہ کو طلاق دیتا ہوں"،  یہ الفاظ میں نے دو مرتبہ اپنے کانوں سے صاف طریقے سے سنے،  پھر میں نے اپنی انگلیاں کانوں میں ڈال لیں، مزید کلام میں نے نہیں سنا، دو مرتبہ سننے کی گواہی میں دیتی ہوں، اب عرض یہ ہے کہ طلاق واقع ہوئی یا نہیں ؟ طلاق رجعی ہے یا بائن مغلظہ؟ رجوع ممکن ہے یا نہیں ؟ میں مزید اپنے شوہر کے ساتھ رہ سکتی ہوں یانہیں؟ بچوں کے بقول والد نے دو مرتبہ طلاق کا جملہ بولا ہے۔

جواب

صورتِ  مسئولہ میں اگر واقعتًا  آپ کے شوہر نے بچوں کے سامنے صرف دو مرتبہ "میں آپ کی والدہ کو طلاق دیتا ہوں" کہا ہو تو اس سے دو طلاق رجعی واقع ہوجائیں گی، عدت کے دوران رجوع کرنے کی گنجائش باقی رہےگی،  اگر عدت کے دوران شوہر رجوع کرلے گا تو نکاح برقرار رہے گا اور شوہر کو آئندہ کے  لیے صرف ایک طلاق کا اختیار ہوگا اور  اگر رجوع  کیے بغیر عدت گزرجائے گی تو عدت گزرتے ہی نکاح ختم ہوجائے گا، اس کے بعد اگر میاں بیوی باہمی رضامندی سے دوبارہ  ازدواجی رشتہ قائم کرنا چاہیں گے تو باقاعدہ نیا مہر مقرر کرکے شرعی گواہوں کی موجودگی میں تجدیدِ نکاح کرسکیں گے، اس صورت میں بھی شوہر کو آئندہ صرف ایک طلاق کا اختیار ہوگا۔  

الفتاوى الهندية (1/ 470):

’’و إذا طلق الرجل امرأته تطليقة رجعية أو تطليقتين فله أن يراجعها في عدتها رضيت بذلك أو لم ترض كذا في الهداية.‘‘

(كتاب الطلاق، الباب السادس في الرجعة ، ط: رشيدية)

وفيها (1/ 472):

 ’’إذا كان الطلاق بائنًا دون الثلاث فله أن يتزوجها في العدة وبعد انقضائها.‘‘

(كتاب الطلاق، الباب السادس في الرجعة، فصل فيما تحل به المطلقة و مايتصل به، ط:رشيديه)  

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144302100219

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں