بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

فاسق کی اقتداء کا حکم


سوال

فاسق اور فاجر کی اقتداء میں نماز باجماعت پڑھنے کا کیا حکم ہے ؟

جواب

واضح رہے کہ فاسق وہ شخص کہلاتا ہے جو  گناہِ کبیرہ کا ارتکاب کرتا ہو یا صغیرہ گناہوں پر اصرار کرتا ہو،اور فاجر سے مراد یہ ہے کہ وہ خلافِ شرع کاموں میں مبتلا ہوکر توبہ کا ارادہ کرتے ہوئے بھی توبہ نہ کرے۔ انجام کے اعتبار سے فاسق وفاجر  معنی میں قریب قریب ہیں۔ ایسے شخص کو  امام بنانا مکروہِ تحریمی (ناجائز) ہے،البتہ اگر کوئی متدین امام میسر نہ ہو اور ایسا شخص خود امامت کے لیے آگے بڑھ گیا ہو یا پہلے سے یہ شخص امام  ہو اوراس  شخص کی اقتدا نہ کرنے کی صورت میں جماعت فوت ہونے کا اندیشہ ہو تو ایسی صورت میں اس شخص کے پیچھے نماز ادا کرنا انفراداً نماز ادا کرنے سے بہتر ہے۔ نماز بہر حال ایسے شخص کی اقتدا میں ہوجائے گی، واجب الاعادہ نہیں ہوگی۔البتہ فاسق و فاجر شخص کو مستقل طور پر امام نہ بنایا جائے ۔

حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح میں ہے :

"كره إمامة الفاسق، .... والفسق لغةً: خروج عن الاستقامة، وهو معنی قولهم: خروج الشيء عن الشيء علی وجه الفساد. وشرعاً: خروج عن طاعة اﷲ تعالی بارتكاب كبیرة. قال القهستاني: أي أو إصرار علي صغیرة. (فتجب إهانته شرعاً فلایعظم بتقدیم الإمامة) تبع فیه الزیلعي ومفاده كون الکراهة في الفاسق تحریمیة". 

(کتاب الصلاۃ،باب الامامۃ،ص:303،دارالکتب العلمیۃ)

المفردات فی غریب القرآن میں ہے :

"وقوله: ﴿بَلْ يُرِيدُ الْإِنْسانُ لِيَفْجُرَ أَمامَهُ﴾ أي: يريد الحياة ليتعاطى الفجور فيها. وقيل: معناه ليذنب فيها. وقيل: معناه يذنب ويقول غدا أتوب، ثم لايفعل فيكون ذلك فجورًا لبذله عهدا لايفي به. وسمّي الكاذب فاجرًا، لكون الكذب بعض الفجور".

(ص:626،دارالقلم)

فتاوی شامی میں ہے :

"صلى خلف فاسق أو مبتدع نال فضل الجماعة

"(قوله: نال فضل الجماعة) أفاد أن الصلاة خلفهما أولى من الانفراد، لكن لاينال كما ينال خلف تقي ورع".

(کتاب الصلاۃ،باب الامامۃ،ج:1،ص:562،سعید)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144411101619

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں