رمضان کےایک فرض روزہ کو قصداً توڑنے کا کفارہ ساٹھ روزے مسلسل نہ رکھ سکنے اور غلام آزاد نہ کر سکنے کی صورت میں کیا ہو گا؟ساٹھ مساکین کو دو وقت کا کھاناکھلانا یا ایک وقت کا؟ دیارِ غیرمیں رہنے والا شخص پاکستان میں کسی کو کفارہ دینا چاہے تو پاکستان میں ساٹھ مساکین کو کھانا کھلانے کے برابر رقم دے سکتا ہے یا دیارِ غیر میں ساٹھ مساکین کو کھانا کھلانے کے برابر رقم دینا ضروری ہے؟
مذکورہ صورت میں اگر روزہ رکھنے کی استطاعت نہ ہونے کی وجہ سے ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا کر کفارہ ادا کیا جارہا ہو تو ساٹھ مسکینوں کو دو وقت پیٹ بھر کر کھلانا واجب ہے ،چاہے ایک ہی دن میں صبح و شام دو وقت کا کھلا دے ، چاہے دو دن صبح کے وقت یا دو دن شام کے وقت تو درست ہوگا۔
جو شخص جس ملک میں مقیم ہے وہیں کے حساب سے ساٹھ مساکین کے دو وقت کھانے کی قیمت ادا کرے، چاہے اسی ملک میں ادا کرے یا چاہےتو پاکستان میں بھی ادا کرسکتا ہے۔ فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 143509200046
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن