بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

فجر کی نماز میں مسنون قراءت


سوال

فجر کی نماز میں قرآن مجید کتنا پڑھنا چاہیے؟

جواب

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عام طور پر فجر کی نماز میں ساٹھ  سے لے کر سو  آیات تک  تلاوت فرمایا کرتے تھے،  کبھی سورۂ واقعہ اور سورۂ  ق کی تلاوت فرماتے، جمعہ کے دن فجر  کی نماز میں  الم تنزیل اور سورۂ دھر  کی تلاوت بھی فرمائی ہے اور عذر کی بنا پر معوذتین کی قراءت بھی فرمائی ہے، جیسا کہ کسی خاتون کے بچے کی رونے کی آواز سنی تو  معوذتین پڑھی۔

باقی   پنج وقتہ نمازوں میں حالتِ حضر میں تلاوت کی مسنون مقدار یہ ہے کہ فجر اور ظہر  میں طوالِ مفصل (سورہ  حجرات سے لے کر سورہ بروج تک) میں سے کوئی سورت یا اتنی مقدار تلاوت کرے، اور عصر اور عشاء کی نماز میں اوساطِ مفصل (سورہ طارق سے سورہ بینہ تک) میں سے کوئی سورت یا اتنی مقدار پڑھے، اور مغرب کی نماز میں قصارِ مفصل (سورہ زلزال سے سورہ ناس تک) میں سے کوئی سورت یا اتنی مقدار پڑھے۔

سنن ابن ماجہ میں ہے:

"عن أبي برزة أن رسول الله صلى الله عليه وسلم «كان» ‌يقرأ ‌في ‌الفجر ‌ما ‌بين ‌الستين إلى المائة ."

(كتاب اقامة الصلاة والسنة فيها، باب القراءة في صلاة الفجر، 268/1/ دار إحياء الكتب العربية)

الدر المختار میں ہے:

"يكره تحريما (تطويل الصلاة) ‌على ‌القوم ‌زائدا ‌على ‌قدر السنة في قراءة وأذكار رضي القوم أو لا لإطلاق الأمر بالتخفيف نهر وفي الشرنبلالية ظاهر حديث معاذ أنه لا يزيد على صلاة أضعفهم مطلقا. ولذا قال الكمال إلا لضرورة، وصح «أنه - عليه الصلاة والسلام - قرأ بالمعوذتين في الفجر حين سمع بكاء صبي."

(كتاب الصلاۃ، باب الامامة، 565/1 ط: سعید)

فتاوی شامی میں ہے:

"ويسن فى الحضر لإمام ومنفرد، ذكره الحلبي، والناس عنه غافلون (طوال المفصل) من الحجرات إلى آخر البروج (في الفجر والظهر، و) منها إلى آخر - لم يكن - (أوساطه في العصر والعشاء، و) باقية (قصاره في المغرب) أي في كل ركعة سورة مما ذكره الحلبي."

(كتاب الصلوة، باب صفة الصلوة، ج:1، ص:540، ط: سعيد)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144308100667

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں