بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

فجر کی نماز قضاء ہو جانے کے بعد کب ادا کی جائے؟


سوال

 میری فجر کی نماز رہ جاتی ہے،میں نہیں پڑھ پاتا، تو کیامیں یہ نماز 8بجے یا8:30 پر ادا کر سکتا ہوں ؟

جواب

واضح رہے کہ قرآن و سنت میں  نماز کو اس کے مقررہ وقت میں ادا کرنے کا نہایت اہمیت کے ساتھ حکم دیا گیا ہے،بلا عذر  نماز کو وقت سے مؤخر کرنا اور اس کی عادت بنا لینا سخت گناہ کی بات ہے۔نماز  کو باجماعت وقت کے اندر ادا کرنے کا اہتمام و فکر  کرنی چاہیے،البتہ اگر کبھی کسی عذر سے وقت  پر ادا نہ کرسکے پھر جب یاد آجائے  اور وقت  مکروہ بھی نہ ہو تو فوراً ادا کرلینی چاہیے،لہذا صورتِ مسئولہ میں اگر کسی عذر سےفجر کی نماز چھوٹ جائے تو جس وقت آنکھ کھلے اور وہ وقت مکروہ بھی نہ ہو  تو اس وقت ادا کر لیں ،تاخیر نہ کریں اور وقت پر نماز کو  باجماعت ادا کرنے کا معمول بنائیں اور اگر وقت مکروہ ہو جیسے طلوعِ شمس کا وقت ہو ،تو پھر وقتِ مکروہ کے گذرنے کا انتظار  کریں پھر ادا کریں۔

قران مجید میں ہے:  

" اِنَّ الصَّلَاةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِيْنَ كِتَابًا مَّوْقُوْتًا     ".  (سورۃ النساء، آیة:103)

ترجمہ : "بےشک نماز  مسلمانوں پر فرض ہے اپنے مقررہ وقتوں میں۔"

مسند دارمی میں ہے :

"أخبرنا سعيد بن عامر، عن سعيد، عن قتادة، عن أنس، أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: " من نسي صلاة أو نام عنها، فليصلها إذا ذكرها، إن الله تعالى يقول: وأقم الصلاة لذكري."

(كتاب الصلاة،‌‌باب من نام عن صلاة أو نسيها،ج2،ص783،رقم:1265،ط:دار المغني)

فتاوی عالم گیری میں ہے :

"ثلاث ساعات لاتجوز فيها المكتوبة ولا صلاة الجنازة ولا سجدة التلاوة: إذا طلعت الشمس حتى ترتفع وعند الانتصاف إلى أن تزول وعند احمرارها إلى أن يغيب، إلا عصر يومه ذلك فإنه يجوز أداؤه عند الغروب ....... ولايجوز فيها قضاء الفرائض والواجبات الفائتة عن أوقاتها، كالوتر."

(كتاب الصلاة،الباب الأول،الفصل الثالث في بيان الأوقات التي لا تجوز فيها الصلاة وتكره فيها،ج1،ص52،ط:رشیدیہ)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144411102798

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں