بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

6 جمادى الاخرى 1446ھ 09 دسمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

فجر کی جماعت کے وقت سنتیں پڑھنے کی شرائط


سوال

فجر کی جماعت کے وقت سنتیں پڑھنے کی ھدایہ میں جو شرائط مذکور ہیں ،وہ جاننا چاہتا ہوں۔

جواب

اگر کوئی شخص فجر کی نماز کے لیے مسجد آئے اور جماعت شروع ہو گئی ہو تو اگر اسے امید ہوکہ وہ سنتیں پڑھ کر امام کے ساتھ قعدہ اخیرہ میں شامل ہوجائے گا، تو اسے چاہیے کہ (کسی ستون کے پیچھے، یا برآمدے یا صحن میں یا جماعت کی صفوں سے ہٹ کر)  فجر کی سنتیں ادا کرے اور پھر امام کے ساتھ قعدہ میں شامل ہوجائے، اور اگر سنتیں پڑھنے کی صورت میں نماز مکمل طور پر نکلنے کا اندیشہ ہو، یعنی یہ اندیشہ ہو کہ امام سلام پھیر دے گا، تو سنتیں چھوڑ دے اور فرض نماز میں شامل ہوجائے،  اور سنت رہ جانے کی صورت میں سورج طلوع ہونے سے پہلے پہلے اس کو پڑھنا جائز نہیں ہے، البتہ سورج طلوع ہوجانے کے بعد  صرف فجر سنت قضا کی جاسکتی ہے اور یہ حکم اسی دن کے زوال تک کے لیے ہے،  اس دن کے زوال کے بعد فجر کی سنت کی قضا درست نہیں۔

 چنانچہ صاحب ہدایہ لکھتے ہیں :

"ومن انتهى إلى الإمام في صلاة الفجر وهو لم يصل ركعتي الفجر إن خشي أن تفوته ركعة ويدرك الأخرى يصلي ركعتي الفجر عند باب المسجد ثم يدخل لأنه أمكنه الجمع بين الفضيلتين وإن خشي فوتهما دخل مع الإمام لأن ثواب الجماعة أعظم والوعيد بالترك ألزم."

(الہدایہ، باب ادراک الفریضہ، ج:1،ص:315-316،ط:مکتبۃ البشریٰ)

کہ جو شخص اس حال میں مسجد پہنچا کہ امام نماز فجر پڑھا رہا ہو، اور اس شخص نے فجر کی دو سنتیں نہیں پڑھی ہیں ، اگر اس کو ایک رکعت کے فوت ہوجانے اور دوسری رکعت کے ملنے کی امید ہو تو مسجد کے دروازے کے پاس سنتیں ادا کرلے، پھر امام کے ساتھ نماز میں شامل ہوجائے ،کیوں کہ اس صورت میں سنت اور جماعت دونوں فضیلتیں اس کو مل جائیں گی، اور اگر سنتوں میں مشغولیت کی وجہ سے دونوں رکعتوں کے فوت ہونے کا اندیشہ ہوتو سنتیں ادا کیے بغیر امام کے ساتھ شامل ہوجائے ، کیوں کہ جماعت کا ثواب بھی زیادہ ہے،اور ترک جماعت کی وعید بھی سخت ہے۔

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144408100481

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں