بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

3 ربیع الاول 1446ھ 08 ستمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

ایزی پیسہ کا انشورنس کرنا کیسا ہے؟


سوال

 ایزی پیسہ کمپنی کی طرف سے فوت ہونے کی صورت میں یا کسی حادثہ میں  معذور ہونے کی صورت میں  5 لاکھ روپے انشورنس  دیا جاتا  ہے اور اس  کے لیے ہرمہینہ  50 روپیہ اکاؤنٹ سے  کٹوتی ہوتی  ہے، اس کا شرعی حکم کیا ہے؟ 

جواب

 واضح رہے کہ مروجہ انشورنس  کی تمام کمپنیوں کے ساتھ  معاملہ کرنا شرعاًناجائز اور حرام ہے،سودی معاملہ ہے،  اس لیے کہ  انشورنس کے طریقہ کار میں   "سود" اور " جوئے"جیسی بڑی بڑ ی خرابیاں  بھی پائی جاتی ہیں، اور اسلام میں یہ دونوں حرام ہیں، ان کی حرمت قرآنِ کریم کی قطعی نصوص سے ثابت ہے،لہذا ایزی پیسہ کمپنی کا انشورنس کی مد میں 50 روپیہ اکاؤنٹ سے کاٹ کر حادثہ کی صورت میں پانچ  لاکھ روپے انشورنس کی مد سے ادا کرنا شرعاًناجائز ہے  ،پالیسی لینے والابھی گناہ گارہوگا۔

ارشاد باری تعالی ہے:

﴿ يَآ أَيُّهَا الَّذِينَ اٰمَنُوآ اِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنْصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُون﴾ [المائدة: 90]

ترجمہ:اےایمان والو  بات  یہی ہے کہ شراب اور جوا، اوربُت وغیرہ اور قرعہ کے تیر یہ سب گندی باتین شیطانی کام ہیں سو اس سے بالکل الگ رہو تاکہ تم کو فلاح ہو ۔(بیان القرآن)

صحیح مسلم  میں ہے:

"عن جابرقال: لعن رسول اللہ صلى الله عليه وسلم آكل الربا، ومؤكله، وكاتبه، وشاهديه»، وقال: «هم سواء»."

(کتاب المساقات،باب لعن آ كل الربا ومؤكله،ج: 3،ص: 1219،رقم الحديث: 1598،ط:دار احیاء التراث ، بیروت)

مصنف ابن ابی شیبہ میں ہے:

"عن ابن سیرین قال: کل شيء فیه قمار فهو من المیسر."

(کتاب البیوع والأقضیة،ج:4،ص:483،ط: مکتبة رشد،ریاض)

فتاوی شامی میں ہے:

"لأن القمار من القمر الذي يزداد تارة وينقص أخرى،وسمي القمار قمارا؛لأن كل واحد من المقامرين ممن يجوز أن يذهب ماله إلى صاحبه، ويجوز أن يستفيد مال صاحبه وهو حرام بالنص".

(کتاب الحظر والإباحة،فصل في البيع ،ج:6،ص:403، ط: سعید)

فقط واللہ أعلم


فتوی نمبر : 144310101543

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں