بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

27 شوال 1445ھ 06 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

ایک مرد کے نکاح میں ہوتے ہوئے دوسری جگہ شادی کرنے کا حکم


سوال

میری شادی کو 15 سال ہوگئے ہیں ،اب دو مہینے ہونے والے  ہیں کہ میری بیوی  اپنے بیٹے کے ساتھ منظور کالونی میں رہ رہی ہے ،ابھی اتوار والے دن مجھے فون کرکے کہا کہ میں نے دوسری شادی کی ہے ،آپ مجھے طلاق دے دو،تو کیا میری بیوی کی وہاں شادی کرنا درست ہے؟ ان کا کہنا ہے کہ آپ نے شادی کے پہلے سالوں میں مجھے طلاق دی تھی،اور وہ دو طلاق دینے کا دعوی کررہی ہے،حالاں کہ میں نے کچھ بھی  ایسانہیں کہا ہے ،اور نہ میں نے اسے کوئی طلاق دی ہے،اصل وجہ یہ ہے کہ کچھ وقت سے میری مالی حالت مستحکم نہیں ہے،شاید اس وجہ سے وہ اس طرح کی باتیں کررہی ہے۔

جواب

واضح رہےکہ عورت کے لیے کسی مرد کےنکاح میں ہوتے ہوئے  خلع یا طلاق کے بغیر دوسری جگہ نکاح کرنا جائز نہیں ہے،اور اس طرح کا نکاح سرے سے منعقد ہی نہیں ہوتا ہے،لہذا سائل کی منکوحہ کا دوسری جگہ شادی کرنا شرعاً درست نہیں،بلکہ اس پر لازم ہے کہ وہ اپنے  پہلے خاوند کے پاس واپس آجائے۔

سائل کی بیوی کا یہ دعوی کرنا کہ سائل نے شادی کے شروع سالوں میں اسے دو طلاقیں دی تھیں اور سائل مذکورہ ان دو نوں  طلاقوں   سے منکر ہے، تو اس صورت میں دونوں فریق پر لازم ہے کہ  اس اختلاف کو ختم کرنے کے لیے کسی ماہر و مستند مفتی کو اپنے درمیان ثالث و فیصل مقرر کریں ،پھر وہ ثالث ضابطۂ شرعی کے مطابق جو بھی فیصلہ کرے ،فریقین خوشی اور رضامندی  سے اس پر  عمل کریں۔

فتاوی شامی میں ہے:

"أما نكاح منكوحة الغير ومعتدته فالدخول فيه لا يوجب العدة إن علم أنها للغير لأنه لم يقل أحد بجوازه فلم ينعقد أصلا. قال: فعلى هذا يفرق بين فاسده وباطله في العدة، ولهذا يجب الحد مع العلم بالحرمة لأنه زنى كما في القنية وغيرها اهـ."

(کتاب النکاح،مطلب في النكاح الفاسد،132/3، ط:سعید)

وفيه أيضا:

"(هو) لغةً: جعل الحكم فيما لك لغيرك. وعرفاً: (تولية الخصمين حاكما يحكم بينهما."

(کتاب القضاء، باب التحکیم: 428/5 ط: سعید)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144311102193

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں