بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

چار تولہ سونے پر زکاۃ و قربانی لازم ہے یا نہیں؟


سوال

میری اہلیہ کے پاس چار تولہ سونا ہے اور پیسے کبھی بھی جمع نہیں ہوتے، جو کچھ بھی میں خرچے کے لیے دیتا ہوں وہ سب استعمال کر دیتی اور پیسے نہیں بچتے،اسی حال میں ایک سال گزرچکا ہے۔ کیا وہ صاحبِ نصاب ہو گی؟ اور زکاۃ اداکرے گی؟ اسی طرح قربانی واجب ہو گی؟

جواب

اگر چار تولہ سونے کے ساتھ اموالِ زکاۃ (چاندی، نقدی، مالِ تجارت وغیرہ) میں سے کچھ بھی نہ ہو تو زکاۃ واجب نہیں۔

اور اگر چار تولہ سونے کے ساتھ  دیگر اموالِ زکاۃ میں سے کچھ بھی ہو،  مثلاً بنیادی ضرورت سے زائد  کچھ نقدی ہو  یا کچھ چاندی ہو، یا کچھ مالِ تجارت ہو  اور مجموعی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر یا اس سے زائد ہو تو اس کا چالیسواں حصہ بطور زکاۃ ادا کرنا لازم ہوگا۔

مذکورہ صورت میں اگر آپ کی اہلیہ کے پاس بنیادی ضرورت سے زائد اگر تھوڑی سی بھی نقد رقم موجود ہو تو مجموعی مالیت لامحالہ ساڑھے باون تولہ چاندی سے زیادہ ہوگی، لہٰذا اس صورت میں زکاۃ واجب ہوگی۔اور اگر نقد رقم کچھ بھی نہیں ہوگی تو زکاۃ لازم نہ ہوگی۔ 

جس صورت میں زکاۃ واجب ہوگی اگر عیدالاضحیٰ کے تین دنوں میں کسی بھی وقت آپ کی اہلیہ کے پاس یہ نصاب رہا تو  قربانی کا واجب ہونا یقینی ہوگا۔ لیکن اگر اس پر زکاۃ واجب نہیں ہے، تو پھر دیکھا جائے گا کہ اگر عید الاضحیٰ کے تین دنوں میں کسی وقت چار تولہ سونے کے علاوہ ضرورت و استعمال سے زائد کوئی سامان یا مال آپ کی اہلیہ کی ملکیت میں آیا تو اس پر قربانی واجب ہوگی، ورنہ نہیں۔

ضرورت و استعمال سے مراد یہ ہے کہ ایسی اشیاء اور سامان وغیرہ جو سال میں ایک مرتبہ بھی استعمال ہوتے ہوں (جیسے خاص برتن، قیمتی کپڑے وغیرہ) یا جو چیز جس مقصد کے لیے بنی ہو اس میں وہ استعمال ہوچکی ہو۔

ان کے علاوہ اگر کوئی چیز موجود ہے تو اسے بھی سونے کے ساتھ شامل کرکے مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر یا اس سے زیادہ ہوجائے تو قربانی واجب ہوگی۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108201410

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں