بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

اعتکاف میں کھانا لانے والا کوئی نہ ہو تو کھانے کے لیے باہر نکلنا


سوال

 میرے لیے کھانا پکانے والا کوئی نہیں ہے،  میں خود اپنا کھانا پکاتا ہوں۔ میرا اپنے محلے کی مسجد میں اعتکاف بیٹھنے کا ارادہ ہے پوچھنا یہ ہے کہ کیا میں دورانِ اِعتکاف گھر میں اپنے لیے کھانا پکانے اور کھانے کے لیے جاسکتاہوں، واضح رہے کہ میں گھر میں اکیلا ہی رہتا ہوں؟

جواب

اگر معتکف کے لیے مسجد میں کھانا پہچانے والا کوئی نہیں ہے اور معتکف کے لیے کوشش کے باوجود کھانے کا کوئی انتظام نہیں ہوسکتا تو اس صورت  معتکف کے لیے کھانا لینے باہر نکلنا جائز ہے، اور کھانا لے کر فورًا مسجد میں آنا ضروری ہے، اور  کھانا مسجد میں ہی کھانا ضروری ہوگا،  اب   اگر معتکف تیار کھانا لاسکتا ہو تو تیار کھانا ہی لاکر کھائے، لیکن اگر تیار کھانا دست یاب نہیں یا وہ صحیح نہ ہو تو ضرورت کے بقدر گھر جاکر  کھانا بنانے کی گنجائش ہوگی، لیکن کھانا بنانے کے فورًا بعد مسجد میں آکر کھانا ضروری ہوگا۔

واضح رہے کہ ایسے اَحوال میں معتکف کو چاہیے کہ وہ مسجد انتظامیہ  یا آس پاس کے کسی خداترس مسلمان کو اپنا مسئلہ بتادے، الحمد للہ  اس دور میں بھی لوگ معتکفین کی خدمت کو اپنے لیے سعادت سمجھتے ہیں، اور اگر  سائل بلامعاوضہ کسی سے خدمت لینا پسند نہ کرتا ہو تو کسی کو  پیسوں کے عوض دس دن کھانا لانے یا بنانے کے لیے مقرر کردے، بہرصورت پہلی کوشش یہ ہو کہ اِس مقصد کے لیے اُسے مسجد سے باہر نکلنا نہ پڑے، اور اگر ایسی کوئی صورت نہ بن سکے تو حکم وہی ہوگا جو اوپر بیان کیا گیا ہے۔

البحر الرائق شرح كنز الدقائق ومنحة الخالق وتكملة الطوري (2/ 326):

"(قوله: وأكله وشربه ونومه ومبايعته فيه) يعني يفعل المعتكف هذه الأشياء في المسجد فإن خرج لأجلها بطل اعتكافه؛ لأنه لا ضرورة إلى الخروج حيث جازت فيه والفتاوى الظهيرية. و قيل: يخرج بعد الغروب وللأكل والشرب. اهـ.
و ينبغي حمله على ما إذا لم يجد من يأتي له به فحينئذ يكون من الحوائج الضرورية كالبول والغائط."

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144109201251

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں