بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 شوال 1445ھ 27 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

دشمن کے شر سے حفاظت کی دعا


سوال

میں نے بفضلِ خدا ایک رہائشی زمین چار سال قبل خریدی تھی، اس کے کاغذات سارے کے سارے درست ہیں، لیکن ایک پڑوسی جو کہ غیر مسلم ہے، نے ہمیں پریشان کر رکھا ہے، نہ وہ فروخت کرنے دے رہا ہے اور نہ رہائش تعمیر کرنے دے رہا ہے، اگر کوئی خریدنے جاتا ہے تو وہ اس کو غلط باتیں بتاکر بہکا دیتا ہے، اس زمین کو خریدنے کی وجہ سے میں مقروض بھی ہوگیا ہوں، براہِ کرم کوئی ایسی دعا بتائیں کہ اللہ میری اس دشمن سے میری حفاظت فرمائے!

جواب

اگر مذکورہ غیر مسلم پڑوسی کو آپ سے کوئی تکلیف یا رنج ہو تو کوشش کریں کہ اس کی تکلیف اور رنج کو دور کریں۔ نیز اگر مناسب داموں میں وہی پڑوسی آپ کی زمین کو خریدنا چاہ رہا ہو اور اس کے خریدنے سے کسی اور پڑوسی کو کوئی پریشانی نہ ہو تو اس کے ہاتھ فروخت کردیں۔ اگر وہ خود بھی نہیں خریدتا اور کسی گاہک کو بھی نہیں خریدنے دیتا تو ایسے ضرر رساں شخص کی دشمنی سے بچنے کے لیے درج ذیل اعمال کا اہتمام کریں:

1- فرض نمازوں کا اہتمام کریں۔

2- حدیثِ پاک میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ کو جب کسی دشمن کا اندیشہ ہوتا تھا تو  آپ ﷺ  ’’اَللّٰهُمَّ إِنَّا نَجْعَلُكَ فِيْ نُحُوْرِهِمْ وَنَعُوْذُبِکَ مِنْ شُرُوْرِهِمْ‘‘ پڑھا کرتے تھے۔

3- فجر اور مغرب کی نماز کے بعد بسم اللہ کے ساتھ گیارہ مرتبہ سورۃ قریش پڑھ لیا کریں، اول و آخر درود شریف بھی پڑھ لیں، ان شاء اللہ ہر شریر کے شر سے جان مال کی حفاظت ہو گی۔

اسی طرح صبح و شام درج ذیل دعائیں ایک ایک مرتبہ پڑھنے کا اہتمام کریں:

1- ’’أَعُوْذُ بِوَجْهِ اللهِ الْعَظِیْمِ الَّذِيْ لَیْسَ شَيْءٌ أَعْظَمَ مِنْهُ وَبِکَلِمَاتِ اللهِ التَّامَّةِ الَّتِيْ لَایُجَاوِزُهُنَّ بَرٌّ وَلَافَاجِرٌ، وَبِأَسْمَآءِ اللهِ الْحُسْنیٰ کُلِّهَا مَاعَلِمْتُ مِنْهَا وَمَالَمْ أَعْلَمْ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ وَبَرَأَ وَذَرَأَ‘‘.

2-’’أَعُوْذُ بِوَجْهِ اللهِ الْکَرِیْمِ وَبِکَلِمَاتِ اللهِ التَّامَّةِ اللَّاتِيْ لَایُجَاوِزُهُنَّ بَرٌّ وَلَافَاجِرٌ مِنْ شَرِّ مَایَنْزِلُ مِنَ السَّمَآءِ وَمِنْ شَرِّ مَا یَعْرُجُ فِیْهَا، وَشَرِ مَا ذَرَأَ فِي الْأَرْضِ وَشَرِّ مَا یَخْرُجُ مِنْهَا، وَمِنْ فِتَنِ اللَّیْلِ وَالنَّهَارِ وَمِنْ طَوَارِقِ اللَّیْلِ وَالنَّهَارِ إِلَّا طَارِقًا یَطْرُقُ بِخَیْرٍ یَارَحْمٰن‘‘.

اللہ تبارک و تعالیٰ آپ اور تمام مسلمانوں کی جملہ پریشانیاں دور فرمائے!

فقط و الله اعلم


فتوی نمبر : 144204200555

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں