میرے ایک مامو ں ہیں، جن کے پاس تقریبًا دس بارہ ایکڑ زمین ہے، مگر وہ لگتے غریب ہیں اور واقعی ان کے پاس پیسے نہیں ہوتے، کیا میں ان کو زکاۃ دوں؟
جس شخص کی ملکیت میں ساڑھے سات تولہ سونا، یا ساڑھے باون تولہ چاندی، یا اس کی قیمت کے برابر رقم یا تجارت کا سامان، یا ضرورتِ اصلیہ اور استعمال سےزائد اتنا سامان یا زمین موجود نہ ہو جس کی قیمت ساڑھے باون تولہ چاندی کے برابر ہو یا ان میں سے کوئی ایک چیز یا ان پانچ چیزوں میں سے بعض کا مجموعہ جس کی قیمت ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر بنتی ہو ، اس کی ملکیت میں موجود نہ ہو اور وہ ہاشمی (سید/عباسی) نہ ہو وہ زکاۃ کا مستحق ہے، اس کو زکاۃ دینا جائز ہے۔
ضرورتِ اصلیہ سے مراد وہ ضرورت ہے جو جان اور آبرو سے متعلق ہو یعنی اس کے پورا نہ ہونے سے جان یا عزت وآبرو جانے کا اندیشہ ہو، مثلاً: کھانا ، پینا، پہننے کے کپڑے، رہنے کا مکان، اہلِ صنعت وحرفت کے لیے ان کے پیشہ کے اَوزار ضرورتِ اَصلیہ میں داخل ہیں، اسی طرح جو اَشیاء استعمال میں ہوں اور تجارت کی نیت سے خریدی نہ گئی ہوں وہ بھی نصاب میں شمار نہیں ہوں گی۔
لہذا صورتِ مسئولہ میں آپ کے ماموں کی زمین میں سے جو زمینیں غلہ وغیرہ کے لیے ہوں اور ان کے غلہ سے گھر کی ضرورت پوری ہوتی ہو تو وہ ضرورتِ اصلیہ میں داخل ہوں گی ، اور ایسی صورت میں اگر وہ صاحبِ نصاب نہ ہوں تو ان زمینوں کی ملکیت میں ہوتے بھی زکاۃ کا مستحق ہوں گے۔
اور اگر وہ زمینیں استعمال میں نہ ہوں اور ضرورت سے زائد ہوں، اور ان کا غلہ یا ان کا کرایہ گھر کی ضروریات میں صرف نہ ہوتا ہو تو وہ ضرورتِ اصلیہ میں داخل نہیں ہوں گی، اور ان کی قیمت اگر نصاب کے بقدر ہو تو وہ زکاۃ کے مستحق نہیں ہوں گے۔
الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (6/ 312):
"وشرائطها: الإسلام والإقامة واليسار الذي يتعلق به) وجوب (صدقة الفطر).
(قوله: واليسار إلخ) بأن ملك مائتي درهم أو عرضاً يساويها غير مسكنه وثياب اللبس أو متاع يحتاجه إلى أن يذبح الأضحية، ولو له عقار يستغله فقيل: تلزم لو قيمته نصاباً، وقيل: لو يدخل منه قوت سنة تلزم، وقيل: قوت شهر، فمتى فضل نصاب تلزمه. ولو العقار وقفاً، فإن وجب له في أيامها نصاب تلزم".
وفیه أیضًا (2/ 348) :
"وذكر في الفتاوى فيمن له حوانيت ودور للغلة لكن غلتها لاتكفيه وعياله أنه فقير و يحل له أخذ الصدقة عند محمد، وعند أبي يوسف لايحل، وكذا لو له كرم لاتكفيه غلته؛ ولو عنده طعام للقوت يساوي مائتي درهم، فإن كان كفاية شهر يحل أو كفاية سنة، قيل: لاتحل، وقيل: يحل؛ لأنه يستحق الصرف إلى الكفاية فيلحق بالعدم، وقد ادخر عليه الصلاة والسلام لنسائه قوت سنة، ولو له كسوة الشتاء وهو لايحتاج إليها في الصيف يحل ذكر هذه الجملة في الفتاوى. اهـ. وظاهر تعليله للقول الثاني في مسألة الطعام اعتماده.
وفي التتارخانية عن التهذيب: أنه الصحيح وفيها عن الصغرى له دار يسكنها لكن تزيد على حاجته بأن لايسكن الكل يحل له أخذ الصدقة في الصحيح وفيها سئل محمد عمن له أرض يزرعها أو حانوت يستغلها أو دار غلتها ثلاث آلاف ولاتكفي لنفقته ونفقة عياله سنة؟ يحل له أخذ الزكاة وإن كانت قيمتها تبلغ ألوفا وعليه الفتوى وعندهما لايحل اهـ ملخصًا".
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144108201413
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن