بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

دردو شریف پڑھنے کا ثواب


سوال

کیا کوئی بھی درود شریف پڑھنے سے ایک جتنا ثواب ملے گا؟

جواب

درود شریف پڑھنے کے بے شمار فوائد اور انعامات ہیں،  اللہ تعالیٰ   مؤمنین کے آپ ﷺ پر درود پڑھنے کے بدلہ میں ان پر  بڑھاچڑھاکر رحمتیں نازل فرماتے ہیں۔ امام نسائی   روایت کرتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن ابی طلحہ اپنے والد سے نقل کرتے ہیں کہ آپ ﷺایک دن تشریف لائے تو آپﷺ کے چہرۂ مبارک پر خوشی کے آثارتھے، میں نے کہا: آج ہم آپ کے چہرہ پرخوشی کے آثارمحسوس کررہے ہیں ! تو آپﷺ نے فرمایا کہ: میرے پاس حضرت جبرائیل  علیہ السلام تشریف لائے اور کہا: اے محمد! اللہ تعالیٰ فرمارہے ہیں کہ: کیا آپ اس بات سے خوش نہیں کہ جب بھی کوئی شخص آپ پردرودبھیجے تومیں اس پر دس رحمتیں نازل کروں گااورجب بھی کوئی شخص آپ پرسلامتی بھیجے تومیں دس سلامتی اس پرنازل کروں گا۔     (تفسیرقرطبی،ج:۱۴،ص:۲۳۷)

درودشریف کے بہت سے صیغے اورطریقے منقول ہیں، بعض خود حضور اقدس ﷺ سے منقول  ہیں اور بعض درست مفہوم پر مشتمل  کلمات ہیں جن سے درود وسلام کا مقصود حاصل ہوتا ہے، جو بزرگوں سے منقول ہیں اوراس سے حکم کی تعمیل اور نفسِ درود و سلام پڑھنے کا ثواب   اور عمومی فضائل حاصل ہوجائیں گے، مگر ظاہر ہے کہ جوالفاظ خودحضور ﷺ سے منقول ہیں وہ زیادہ بابرکت وباعث اجرہیں،  اور ان میں بھی کلمات کی کمی، زیادتی،  پڑھنے والے کے اخلاص، اور کیفیات  کے اعتبار سے  ثواب میں  ہوگا، نیز درود شریف کے بعض صیغوں کے بارے میں حدیث میں مستقل ثواب اور فضیلت بھی وارد ہوئی ہے، وہ فضیلت اور ثواب ان ہی الفاظ کے ساتھ مخصوص ہوگا، اور   ان میں درودِ ابراہیمی دوسرے  درودوں  کی بہ نسبت افضل ترین کلمات پر مشتمل ہے، اور اس کے صیغے تمام درودوں سے زیادہ فضیلت رکھتے ہیں، رسولِ کریم ﷺنے نمازوں کے لیے اس درورد کا انتخاب فرمایاہے، لہذا نمازوں میں اور نماز کے باہر اس درود پاک کا وِرد زیادہ افضل ہے۔

مزید تفصیل کے لیے درج ذیل لنک پرفتویٰ ملاحظہ فرمائیں:

درود پاک کے کلمات اور فضائل

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144208200707

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں