دنبہ کی بائیں آنکھ میں سفید جھلی موجود ہے، کیا اس کی قربانی جائز ہے؟
واضح رہے کہ اگر قربانی کے جانور کی کسی وجہ سے اکثر بینائی چلی جائے تو اس کی قربانی جائز نہیں اور اگر اکثر بینائی باقی ہو تو اس کی قربانی جائز ہے، لہذا صورتِ مسئولہ میں اگر دنبہ کی آنکھ میں سفیدجھلی کی وجہ سے آنکھ کی بینائی متاثر ہو اور اس کے سبب آنکھ کی اکثر بینائی چلی جائےتو اس کی قربانی جائز نہیں اور اگر آنکھ کی بینائی متاثر نہیں ہو رہی یا متاثر تو ہو رہی ہے مگر اس کی اکثر بینائی باقی ہے، تو اس کی قربانی جائز ہے۔
فتاوی شامی میں ہے:
" (لا) (بالعمياء والعوراء والعجفاء) المهزولة التي لا مخ في عظامها (والعرجاء التي لا تمشي إلى المنسك) أي المذبح، والمريضة البين مرضها (ومقطوع أكثر الأذن أو الذنب أو العين) أي التي ذهب أكثر نور عينها فأطلق القطع على الذهاب."
(کتاب الأضحیۃ، ج:6، ص:323، ط:سعید)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144408101464
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن