بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

دکان میں کریڈٹ کارڈ مشین رکھنا


سوال

ہماری جیولری کی دکان ہے،  کیا ہم اس میں کارڈ مشین لگوا سکتے ہیں کسٹمر سے پیمنٹ حاصل کرنے کے لیے؟ اکثر کسٹمر کارڈ کے ذریعے پیمنٹ کرنا چاہتے ہیں، کچھ کے پاس ڈیبٹ کارڈ (Debit Card) ہوتے ہیں اور کچھ کے پاس کریڈٹ کارڈ (Credit Card)،  کیا کارڈ مشین کے ذریعے دونوں کارڈ سے پیمنٹ لینا جائز ہوگا؟

جواب

واضح رہے کہ بینک اپنے صارفین  کو کریڈٹ کارڈ ایک سودی معاہدے کے تحت دیتا ہے، اس لیے اس سے ادائیگی کی سہولیات دینے کے لیے کارڈ مشین دکان وغیرہ میں رکھنا جائز نہیں، کیونکہ اس صورت میں سائل سودی معاہدے میں تعاون کرنے والا ہوگا، البتہ ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولیات دینا جائز ہے،  لہذا صورتِ مسئولہ میں سائل  کے لیے اپنی دکان میں کارڈ مشین رکھنا درست ہے، لیکن اس کے ذریعے خریداروں کو کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کی سہولت دینا شرعاً جائز نہیں۔

باری تعالی کا ارشاد ہے:

"{وَتَعَاوَنُوا عَلَى الْبِرِّ وَالتَّقْوَى وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَاتَّقُوا اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ}."[المائدة: 2]

ترجمہ:" اور ایک دوسرے کی نیک کام اور پرہیزگاری میں مدد کیا کرو اور گناہ اور زیادتی پر مدد نہ کیا کرو اور اللہ سے ڈرتے رہا کرو۔ بیشک اللہ کا سخت عذاب ہے۔ "

مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح میں ہے:

"قال النووي: فيه تصريح بتحريم كتابة المترابيين والشهادة عليهما وبتحريم الإعانة على الباطل."

(ج:5، ص:1916، ط:دار الفکر)

فتاوی شامی میں ہے: 

"وما كان سببا لمحظور فهو محظور اهـ."

(ج:6، ص:350، ط:سعید)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144501101911

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں