بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

21 شوال 1445ھ 30 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

دو طلاق کی عدت گزرنے کے بعد تیسری طلاق دینا


سوال

میرے شوہر نے  مجھے 27 رمضان المبارک  کو پہلی طلاق دی تھی اور پھر اس کے  اگلے دن  انہوں نے مجھ سے  رجوع بھی کرلیا  تھا،  پھر اس کے کچھ عرصہ بعد 28 اگست  2021 کو  دوسری طلاق  دی، پھر اس کے  تین دن کے بعد وہ اپنی امی کے گھر چلے گئے،  اس کے بعد انہوں نے  مجھ سے کسی بھی (قولی یا فعلی ) اعتبار  سے رجوع نہیں کیا ، پھر اس کے کچھ عرصہ  تقریباً ساڑھے تین ماہ گزرنے کے بعد جب میں نے بچوں کے حوالہ سے ان سے رابطہ کیا تو وہ بگڑگئے  اور تیسری طلاق  بھی بالآخر دے دی، جب کہ اس دوران (یعنی دوسری طلاق کے بعد ) میری تین ماہ واری  اور 12 دنوں کا عرصہ گزرچکا تھا، اب طلاق واقع ہونے اور عدت کے حوالہ سے کیا حکم ہے اور دوبارہ تعلق بحال ہونے کی کیا صورت نکل سکتی ہے؟

جواب

صورت مسئولہ اگر واقعۃً   سائلہ کے شوہر نے    28  اگست 2021ء کو  دوسری مرتبہ طلاق دینے کے بعد عدت میں دوبارہ رجوع نہیں کیا تھا تو اس دوسری طلاق کے بعد   سائلہ کی مکمل تین ماہواریاں گزرنے سے اس کی عدت ختم ہوگئی تھی  اور دونوں کا نکاح ختم ہوگیا تھا،  اس کے بعد جب سائلہ کے سابقہ شوہر  نے  تیسری مرتبہ  طلاق دی تو  چوں کہ   نکاح باقی نہیں تھا؛ اس لیے تیسری طلاق واقع نہیں ہوئی۔

اب اگر دونوں  باہمی رضامندی سے  دوبارہ ایک ساتھ رہنا چاہیں تو شرعی گواہان کی موجودگی میں  نئے مہر کے ساتھ دوبارہ نکاح کرکے  رہ سکتے ہیں ،    اور تجدید نکاح کے بعد   آئندہ کے لیے شوہر کو صرف ایک  طلاق کا حق حاصل ہوگا۔

فتاوی شامی میں ہے: 

"(هي استدامة الملك القائم) بلا عوض ما دامت (في العدة) ... (بنحو) متعلق باستدامة (رجعتك) ورددتك ومسكتك بلا نية لأنه صريح (و) بالفعل مع الكراهة (بكل ما يوجب حرمة المصاهرة) كمس."

 (3/ 397، كتاب الطلاق، باب الرجعة، ط: سعيد)

وفيه ايضا:

"(وينكح مبانته بما دون الثلاث في العدة وبعدها بالإجماع) ومنع غيره فيها لاشتباه النسب".

(3/ 409، كتاب الطلاق، باب الرجعة، ط: سعيد)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144305100165

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں