ڈاکٹر اسرار احمد کے عقائد کیا تھے؟ نیز ان کے بیانات سننا کیسا ہے؟ اس کی وضاحت تلاش کر رہا ہوں، البتہ کہیں سے بھی ملی نہیں، تو آپ اس کا مفصل جواب عنایت فرمائیں ۔
ڈاکٹر اسرار احمد کے بعض نظریات قرآن، حدیث اور اِجماعِ اُمت کے خلاف ہیں، ان کے بعض اَفکار اور طرزِ فکر سے اختلاف کے ساتھ ان کی تحریرات سے استفادہ کی گنجائش اگرچہ ہے، لیکن عوام یا دینی علوم سے ناواقف افراد چوں کہ ڈاکٹر صاحب کے صحیح اور قابلِ اشکال افکار کے درمیان تمییز و فرق کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں؛ لہذا عوام اور نا پختہ افراد کے لیے ڈاکٹر صاحب اور ان کی فکر کے حاملین افراد کے بیانات سننے، ان کے دروس میں شرکت کرنے اور لٹریچر و تفسیر سے استفادہ کرنے سے اجتناب کرنا ضروری ہے۔
ڈاکٹر اسرار احمد کے عقائد میں سے جو عقائد اہلِ سنت والجماعت کے خلاف ہیں، ان میں سے چند یہ ہیں:
٭ ڈاکٹر اسرار احمد اَعمال کی قبولیت کے لیے ایمان کو شرط نہیں مانتے۔
٭ موصوف کے نزدیک حقیقی ایمان کے دو رکن ہیں: تصدیق و یقین اور جہاد۔
٭ ڈاکٹر صاحب کے نزدیک کسی گناہ پر اصرار کرنا ہمیشہ کے لیے جہنمی بنا دیتا ہے۔
٭ انسان جنت اور جہنم میں ہمیشہ نہیں رہے گا۔
باقی ڈاکٹر صاحب کے تفصیلی عقائد اور نظریات جاننے کے لیے ڈاکٹر مفتی عبد الواحد رحمہ اللہ کی کتاب "ڈاکٹر اسرار احمد، افکار و نظریات" کا مطالعہ مفید رہے گا۔فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144108200907
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن