بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

25 شوال 1445ھ 04 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

دو جڑواں لڑکوں کے ہم آواز نام


سوال

میرے دو جڑواں بیٹے ہوئے ہیں، میں ان کا ایک جیسا نام رکھنا چاہ رہا ہوں، کہ نام میں زیادہ فرق نہ ہو، جیسے میں نے چند ایک نام نکالے ہیں؛ برائے مہربانی ان ناموں کے بارے میں بتائیں کہ یہ نام درست ہیں اور رکھنا جائز ہیں؟؟

(1)محمد حسینHussain محمد حسیمHussaim

(2)محمد حسانHassan محمد حسامHassam

(3)محمد ازانAzzan محمدازامAzzam

(4)محمدعبادIbaad محمدعزادIzaad محمدعزانIzaan

(5)محمد معتبرMoutabir محمدمعتبلMoutabil

(6)محمدایحامIham محمدایحانIhan

یا آپ خود سے اس طرح کے ملتے جلتے نام تجویز کردیں، جنہیں انگلش میں لکھنے میں بھی صرف ایک لیٹر   (حرف) کا فرق ہو اور اردو میں بھی، شکریہ۔

جواب

واضح رہے کہ 'حسیم' اور 'حسّام' کے الفاظ نام کے طور پہ استعمال نہیں ہوتے، جب کہ 'ازان'،' ازام'، 'عزاد'، 'عزان'، 'معتبل'، 'ایحام' اور 'ایحان' مہمل اور بے معنی الفاظ ہیں؛ اس لیے بچوں کا نام رکھنے کے لیے یہ الفاظ مناسب نہیں ہیں۔

آپ کے دیے ہوئے ناموں کی مناسبت سے جڑواں بچوں کے لیے سب سے اچھے نام 'حسن' اور 'حُسَین' ہیں، جو کہ اللہ کے حبیب صلی اللہ علیہ و سلم کے نواسوں کے نام ہیں؛ ان کے علاوہ 'عِباد' (یعنی: بندے) سے ملتا جلتا لفظ 'عِماد'(یعنی: ستون) ہے، 'حسّان' (یعنی: بہت حسین و جمیل) کا ہم وزن لفظ 'عفّان' (یعنی: بہت پاک دامن) ہے،  یہ دونوں صحابہ کے نام ہیں، ان جیسا ایک اور لفظ 'غَسّان'  ـ(یعنی: دل کی گہرائی، اندر کا آدمی، جوانی کی تیزی، جوبن) ہے؛     نیز 'معتبر' باء پر زیر کےساتھ (یعنی: سبق لینے والا، جانچنے والا) سے ملتا جلتا نام ہے 'مختبر'  (یعنی:تجربہ کار، ماہر)، ایک اور نام ہے 'معتصر' (یعنی: نچوڑنے والا، رس نکالنے والا) ۔

ذیل میں مزید کچھ نام اور ان کے معانی دیے جا رہے ہیں، سائل ان سے اور ہماری ویب سائٹ کے شعبے اسلامی نام سے استفادہ کر سکتا ہے:

1) محمد عزّام (Azzam) :

ہت پختہ عزم اور مضبوط ارادے والا، شیر۔ ـ

(القاموس الوحید، المادۃ: ع۔ ز۔م، ص:869، ادارہ اسلامیات)

2)  محمد قسّام (Qassam):

بہت تقسیم کرنے والا،  حصے طے کرنے والا، (کنایۃً) عدل کرنے والا ۔

(القاموس الوحید، المادۃ: ق۔ س۔ م، ص:1052، ادارہ اسلامیات)

3) محمد بسّام (Bassam):

بہت مسکرانے والا، مسکراتے چہرے والا۔

( القاموس الوحید، المادۃ: ب۔ س۔ م، ص:139،ادارہ اسلامیات)

 

4) محمد رسّام (Rassam):

قلم سے خطاطی کرنے والا، نقشہ بنانے والا، مصوّر، ڈیزائنر، آرکیٹکٹ۔

( القاموس الوحید، المادۃ: ر۔ س۔ م، ص:511،ادارہ اسلامیات)

5)محمد لَیث (Laith):

طاقت و مضبوطی، شیر، شیر کی طرح بہادر۔

(القاموس الوحید، المادۃ: ل۔ ی۔ ث، ص:1204، ادارہ اسلامیات)

6) محمد غَیث (Ghaith):

بارش، رحمت کی بارش، (مجازاً) بادل اور گھاس۔

(القاموس الوحید، المادۃ: غ۔ ی۔ ث، ص:659، ادارہ اسلامیات)

 

7)محمد اِیاد (Iyad):

مضبوطی، طاقت، پناہ، قلعہ، ہر وہ چیز جس کے ذریعے مضبوطی حاصل کی جائے۔

(القاموس الوحید، المادۃ:أ۔ ی۔ د، ص:119، ادارہ اسلامیات)

8)محمد زیاد (Ziyad):

زیادہ ہونا، بڑھا ہوا ہونا۔

(القاموس الوحید، المادۃ:ز۔ ی۔ د، ص:597، ادارہ اسلامیات)

9)محمد اَلُوف (Aloof):

بہت محبت وتعلق رکھنے والا۔

(القاموس الوحید، المادۃ:أ۔ ل۔ ف، ص:109، ادارہ اسلامیات)

10)محمد اَنُوف (Anoof):

بہت خود دار، بڑی ناک (عزت) والا، خوشبو دار۔

(القاموس الوحید، المادۃ:أ۔ ن۔ ف، ص:115، ادارہ اسلامیات)

11) محمد زبیر (Zubair):

مضبوط و توانا، قوی۔ مشہور صحابی زبیر بن عوّام رضی اللہ عنہ کا نام ہے، جو نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے پھوپھی زاد بھائی اور عشرہ مبشَّرہ میں سے تھے۔

(القاموس الوحید، المادۃ:ز۔ ب۔ ر، ص:569، ادارہ اسلامیات)

12) محمد جبیر (Jubair):

جس کا حال درست کیا گیا ہو، جس کا دل جوڑا گیا ہو، جس کی ہڈی جوڑی گئی ہو۔ صحابی حضرت جبیر بن مطعِم رضی اللہ عنہ کا نام ہے۔

(القاموس الوحید، المادۃ:ج۔ ب۔ ر، ص:194-193، ادارہ اسلامیات)

13)محمد اوّاب (Awwab):

بہت لَوٹنے والا، بہت توبہ کرنے والا۔ حضرت ابراہیم علی نبینا و علیہ الصلوۃ و السلام کا ایک لقب جو قرآن پاک میں ہے۔

(القاموس الوحید، المادۃ:أ۔ و۔ ب، ص:117، ادارہ اسلامیات)

14) محمد توّاب (Tawwab):

بہت توبہ کرنے والا بندہ۔

(القاموس الوحید، المادۃ:ت۔ و۔ ب، ص:172، ادارہ اسلامیات)

15) محمد بلال:

پانی، وہ چیز جس سے حلق کو تر کیا جائے۔ مشہور صحابی، مؤذّنِ رسول حضرت بلال بن رباح حبشی رضی اللہ عنہ کا نام۔

(القاموس الوحید، المادۃ:ب۔ ل۔ل، ص:150، ادارہ اسلامیات)

16) محمد ہلال:

ابتدائی چاند (مہینہ کی پہلی شب سے لے کر ساتویں رات تک کا چاند)، پہلی بارش۔ كئی صحابہ رضی اللہ عنہم کا نام ہے۔

(القاموس الوحید، المادۃ:ھ۔ ل۔ل، ص:1393، ادارہ اسلامیات)

17) عباد (Ebaad):

فرماں بردار بندے، غلام، محکوم۔ کئی صحابہ کا نام ہے۔

(القاموس الوحید، المادۃ:ع۔ ب۔د، ص:838، ادارہ اسلامیات)

18) عماد (Emaad):

ستون، سہارے کی چیز، (مجازاً) سربراہِ فوج۔

(القاموس الوحید، المادۃ:ع۔ م۔د، ص:904، ادارہ اسلامیات)

19) محمد ادیب:

اعلی اخلاق کا حامل، علمِ ادب کا ماہر۔

(القاموس الوحید، المادۃ:أ۔ د۔ب، ص:96، ادارہ اسلامیات)

20) محمد اریب:

ہوشیار و ماہر، ذہین و عقل مند آدمی۔

(القاموس الوحید، المادۃ:أ۔ ر۔ب، ص:98، ادارہ اسلامیات)

ناموں کے سلسلے میں بہتر یہ ہے کہ  اللہ جلّ  شانہٗ کے ناموں کی طرف نسبت والے نام مثلاً عبد اللہ و عبد الرحمن، یا انبیائے کرام علیہم السلام کے ناموں پر، یا صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے ناموں پر، یا تابعین و تبعِ تابعین اور صلحائے امّت رحمہم اللہ کے ناموں پر رکھے جائیں۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144504100660

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں