بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

دس سال کی عمر میں مذی آنے کی صورت میں کیا لڑکی بالغ شمار ہوگی؟


سوال

اگر دس سال کی عمر میں لڑکی کو مذی آ جائے تو کیا وہ بالغ شمار ہو گی؟نیز منی اور مذی میں فرق کیسے کریں؟

جواب

دس سال کی عمر میں لڑکی کو مذی آنے سے پہلے اگر بلوغت کی علامات(حیض، احتلام) میں سے کوئی علامت نہیں پائی گئی تو صرف مذی آنے سے وہ بالغ شمار نہیں ہوگی ۔

البنایہ شرح الہدایہ میں ہے:

"(بلوغ الغلام بالاحتلام) ش: البلوغ في اللغة الوصول، وفي الاصطلاح انتهاء حد الصغر، والاحتلام من الحلم بالضم وهو ما يراه النائم ثم يقال حلم واحتلم فبلوغ الغلام يكون بالاحتلام م: (والإحبال والإنزال إذا وطئ) ش: والأصل هو الإنزال، قال الله تعالى: {وَإِذَا بَلَغَ الْأَطْفَالُ مِنْكُمُ الْحُلُمَ} ... وهذا بالإجماع بلا خلاف، وكذلك ‌بلوغ ‌الجارية بالحيض، والاحتلام والحبل بالإجماع...(وبلوغ الجارية بالحيض والاحتلام والحبل، وإن لم يوجد ذلك فحتى يتم لها سبع عشرة سنة، وهذا عند أبي حنيفة. وقالا: إذا تم للغلام والجارية خمس عشرة سنة، فقد بلغا وهو رواية عن أبي حنيفة وهو قول الشافعي - رَحِمَهُ اللَّهُ -) ش: وأحمد أيضا، وعليه الفتوى."

(كتاب الحجر، فصل في حد البلوغ، ج:١١، ص:١٠٩، ط:دار الكتب العلمية)

عمدۃ الفقہ میں ہے:

"جاننا چاہیے کہ مرد و عورت کے پیشاب کے مقام سے نکلنے والی رطوبت پیشاب کے علاوہ منی یا مذی یا ودی ہوتی ہے، ان تینوں میں یہ فرق ہے کہ مرد کی منی غلیظ اور سفید رنگ کی ہوتی ہے، یہ بہت لذت سے شہوت کے ساتھ کود کر نکلتی ہے اور لمبائی میں پھیلتی ہے، اس کی بو خرما کے شگوفے جیسی ہوتی ہے اور اس میں چپکاہٹ ہوتی ہے اور خشک ہونے پر انڈے کی بو کی مانند ہوتی ہے، اس کی نکلنے کے بعد عضو(ذکر) سست ہو جاتا ہے، یعنی شہوت و جوش جاتا رہتا ہے، عورت کی منی پتلی اور زد زرد رنگ کی گولائی والی ہوتی ہے۔

مذی پتلی سفیدی مائل ہوتی ہے جو شہوت کے ساتھ بوس و کنار کرنے سے بغیر کود کر نکلنے کے اور بغیر لذت و شہوت کے نکلتی ہے اور اس کے نکلنے کا احساس بھی نہیں ہوتا اس کے نکلنے پر شہوت قائم رہتی ہے اور جوش کم نہیں ہوتا بلکہ زیادہ ہو جاتا ہے یہ عورتوں میں مردوں سے زیادہ پائی جاتی ہے۔"

(کتاب الطہارۃ، غسل کا بیان، ج:1، ص:174، ط:زوار اکیڈمی پبلی کیشنز)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144505101790

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں