میری داڑھی کی لمبائی ایک مشت ہے، لیکن میں چوڑائی کو سیٹ کرواتا ہوں، چوڑائی میں ایک مشت سے کم رہتی ہے، کیا میرا ایسا کرنادرست ہے؟
واضح رہے کہ داڑھی رکھنا واجب ہے، اور اس کو منڈوانا یا کترواکر ایک مشت سےکم کرنا ناجائز اور کبیرہ گناہ ہے، داڑھی کی حدود کانوں سے متصل جبڑے کی ہڈی سے شروع ہوتی ہے، اور پورا جبڑا داڑھی کی حد میں داخل ہے، داڑھی کی اِس حد کے اندر تمام اطراف سے یکسا ں ایک مشت داڑ ھی رکھنا واجب ہے ، صورتِ مسئولہ میں سائل کاداڑھی کی حدود میں اُگے ہوئے بالوں کو سیٹنگ کروا کر ایک مشت سے کم کروانا ناجائز ہے،لہذا سائل کو اپنے اس فعل پر توبہ استغفارکرنا چاہیے اور آئندہ اس فعل سے اجتناب کرنا ضروری ہے، البتہ اگر داڑھی کی بالوں کی لمبائی ایک مشت سے زیادہ ہےتو ایک مشت سے زائد بالوں کو کاٹ سکتے ہیں، اور جبڑے کی ہڈی سے باہر اُگے ہوئے بالوں کو بھی کاٹنا جائز ہے۔
بخاری شریف میں ہے:
"عن ابن عمر رضي الله عنهما قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم انهكوا الشوارب وأعفوا اللحى"
(کتاب اللباس،باب اعفاءاللحیۃ، ج:7،ص:160،ط:بالمطبعة الكبرى الأميريةببولاق مصر)
العرف الشذی میں ہے:
”وأما تقصير اللحية بحيث تصير قصيرة من القبضة فغير جائز في المذاهب الأربعة.“
( کتاب الآداب، باب ما جاء في تقلیم الأظفار، 4/162،دار التراث العربي،بيروت، لبنان)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144509102335
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن