بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 ذو القعدة 1446ھ 22 مئی 2025 ء

دارالافتاء

 

کسٹمر کا ٹیکس ادا نہ کرنا


سوال

میرا سروسز سے متعلق کاروبار ہے جس میں کمپنی والے مشین میں موجود خرابی کی درستگی یا کوئی نیا سسٹم لگوانے کے لیے مجھے بلاتے ہیں، میں شعبہ الیکٹریکل سے ہوں، عام طور پہ کسٹمر ٹیکس کے بغیر کام کرتے ہیں، یعنی کہ میں جو کوٹیشن دیتا ہوں اس میں لکھ دیتا ہوں کہ میرے کام کی یہ مزدوری ہوگی اس میں ٹیکس شامل نہیں ہے۔ مطلب یہ کہ اگر آپ لوگوں نے ٹیکس کاٹنا ہے تو میری یہ مزدوری ہے، ٹیکس اس کے علاوہ ہوگا۔ بعض دفعہ مجھے بازار سے کوئی چیز خرید کر دینی پڑتی ہے تو اس میں بھی کسٹمر جو مجھے رقم دیتا ہے وہ سیلز ٹیکس کے بغیر دیتا ہے یعنی کہ اگر میں اس رقم میں سیلز ٹیکس ڈال کے بھی ان کو کہوں تو مجھے سیلز ٹیکس کے بغیر ہی دیتے ہیں۔ ایسی صورت میں رہنمائی چاہیے کہ مجھے کیا کرنا چاہیے؟ جو کسٹمر مجھے ٹیکس دیتا ہی نہیں تو میں آگے کیسے ادا کروں؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں اگر آپ مختلف کمپنیوں کو سروس فراہم کرتے ہیں جس پر آپ اپنی اجرت وصول کرتے ہیں، پھر کبھی آپ کو کوئی چیز وکالت کے طور پر خرید کر  کمپنی میں دینی پڑتی ہے تو ایسی صورت میں اس چیز پر جو سیلز ٹیکس لاگو ہوتا ہے وہ کمپنی ہی پر لاگو ہوتا ہے اور کمپنی پر اس کی ادائیگی لازم ہے، اگر کمپنی والے ٹیکس کے عنوان سے وہ رقم ادا نہیں کرتے تو آپ یہ صورت اختیار کر سکتے ہیں کہ کمپنی کے نام جو بل بنائیں وہ مجموعی رقم کا بنا دیں، اور کمپنی کو یہ کہہ دیں کہ آپ کے ذمہ یہ رقم بمع ٹیکس واجب الادا ہے، اس طرح آپ کمپنی سے پوری رقم وصول کر سکتے ہیں۔

حدیث شریف میں ہے:

"قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: ’’ألا لا تظلموا ألا ‌لا ‌يحل ‌مال امرئ إلا بطيب نفس منه ‘‘. رواه البيهقي في شعب الإيمان و الدار قطني في المجتبى."

ترجمہ:’’خبردار کسی پر ظلم و زیادتی نہ کرو، خبردار کسی آدمی کی ملکیت کی کوئی چیز اس کی دلی رضامندی کے بغیر لینا حلال اور جائز نہیں ہے۔‘‘

(مشکوٰۃ المصابیح، باب الغصب والعاریة، الفصل الثانی، ج:2، ص:889، ط:المكتب الإسلامي - بيروت)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144606100953

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں