بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کالج کی مسجد میں دوسری جماعت کا حکم


سوال

گورنمنٹ کالج آف کامرس میانوالی کی مسجد میں ظہر کی نماز باجماعت ہم  وقتِ ظہر داخل ہوتے ہی پڑھ لیتے ہیں اور کبھی کلاسز کی وجہ سے تاخیر بھی ہو جاتی ہے، کالج کی چار دیواری کے  باہر ساتھ ہی آبادی ہے، جس کے لوگ ظہر کی دوسری جماعت ایک بجے کرواتے ہیں ،جن کا امام کسی دوسرے گورنمنٹ سکول کا ٹیچر بھی ہے اور پانچوں نمازوں کی امامت کرواتا ہے ، کیا ہمارے لیے ظہر کی جماعت  ثانیہ جائز ہو گی؟

جواب

اگر مذکورہ مسجد  میں امام، مؤذن مقرر ہےاور  نمازی معلوم  ہیں، (یعنی نمازیوں میں  رہائشی بھی ہیں جو یہاں مستقل نماز پڑھتے ہیں) نیز  جماعت کے اوقات بھی متعین ہیں  اور وہاں پنج وقتہ نماز باجماعت بھی ہوتی ہے تو ایسی مسجد میں ایک مرتبہ اذان اور اقامت کے ساتھ  محلے والوں/ اہلِ مسجد  کے  جماعت کے ساتھ نماز ادا کرلینے کے بعد دوبارہ نماز کے لیے جماعت کرانا   مکروہِ  تحریمی ہے، اس صورت میں اگر کچھ لوگوں کی جماعت کسی عذر کی وجہ سے رہ جائے تو ان کو چاہیے کہ وہ قریب میں دوسری مسجد میں جماعت کے ساتھ نماز پڑھ لیں ،اگر یہ ممکن نہ ہو تو مسجد کی حدود سے باہر کہیں بھی خود جماعت کا اہتمام کرلیں ،مسجد کی حدود میں دوسری جماعت کی اجازت نہیں ۔

فتاوی شامی میں ہے:

" ويكره تكرار الجماعة بأذان وإقامة في مسجد محلة لا في مسجد طريق أو مسجد لا إمام له ولا مؤذن.

(قوله: ويكره) أي تحريماً؛ لقول الكافي: لايجوز، والمجمع: لايباح، وشرح الجامع الصغير: إنه بدعة، كما في رسالة السندي، (قوله: بأذان وإقامة إلخ) ... والمراد بمسجد المحلة ما له إمام وجماعة معلومون، كما في الدرر وغيرها. قال في المنبع: والتقييد بالمسجد المختص بالمحلة احتراز من الشارع، وبالأذان الثاني احتراز عما إذا صلى في مسجد المحلة جماعة بغير أذان حيث يباح إجماعاً. اهـ".  

(کتاب الصلاۃ، باب الامامۃ، مطلب  فی تکرار الجماعۃ فی المسجد، ج:1، ص:552، ط: ايج ايم سعید)

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144212201952

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں