بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 شوال 1445ھ 16 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

چوری کی بجلی سے موٹرکا پانی یاگیس سے پکی ہوئی چیزوں کا حکم


سوال

 چوری کی بجلی سے موٹرکا پانی یاچوری کے گیس سے پکی ہوئی چیزیں حلال ہیں یاحرام؟

جواب

واضح رہے کہ بجلی ،گیس وغیرہ حکومتی املاک ہیں جو عوام کا اجتماعی حق ہے، جس کی چوری کرنا شرعاً بڑاجرم ہے، کسی مسلمان کا  اس طرح  کرنا جائز نہیں ہے، باقی مذکورہ  بجلی سے موٹرکا پانی یاگیس سے پکی ہوئی چیز یں کراہت سےخالی نہیں ،تاہم اگر کوئی اوروجہ نہ ہو،تو چوری  بجلی اور چوری  گیس کی وجہ سےیہ  اشیاء  حرام نہیں کہلائیں گی ۔

فتاوی عالمگیری میں ہے:

"ولا يجوز حمل تراب ربض المصر لأنه حصن فكان حق العامة فإن انهدم الربض ولا يحتاج إليه جاز كذا في الوجيز للكردري."

(کتاب الکراہیۃ، الباب الثلاثون فی المتفرقات،ج:5،ص:373،ط:المطبعۃ الکبری الامیریہ)

امداد الفتاوی میں ہے:

"سوال:(اول)قصبہ ہٰذا کی مسجد میں ۔۔۔دوم:پزاوہ گرکباڑہ کا ٹھیکہ زمیندار سے لیتے ہیں کہ دس بیس روپے دیتے ہیں ،کہ چھ ماہ یابرس روز تک کباڑہ ہماررہا،اور وہ کباڑہ زمیندارکی رعیت کے مکانوں کاجورعیت کاشتکارنہیں ہے،پزاوہ گروں کے یہاں جاتاہے،ایسے کباڑسے پزاوہ پکارکراینٹیں فروخت کرنادرست ہے یاکیا؟۔۔۔ایسے پزاوہ گرکی کمائی درست ہے یاکیا؟

جواب:یہ سب صورتیں ناجائز ہے مگر ان سے پانی اور اینٹ میں کوئی حرمت نہیں آتی۔۔۔ملخصاً۔"

(مالِ حرام ومشتبہ کے احکام،ج:4،ص:147،ط:مکتبہ دارالعلوم کراچی)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144407100167

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں