بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

چھوڑ مجھے کے جواب میں شوہر کا چھوڑ دیا کہنے کا حکم


سوال

شوہر نے واٹس ایپ میسج پر اپنی بیوی کو  دو طلاق دیں ،دو دن کے بعد رجوع کرلیا، پھر دو مہینے بعد واٹس ایپ میسج میں دوران جھگڑا شوہر نے بیوی کو یہ لکھا کہ "اب تجھےچھوڑ دوں گا "بیوی نے جواب دیا کہ "چھوڑ مجھے" شوہر نے اس کے جواب میں لکھا :"چھوڑدیا" تو کیا اس صورت میں تیسری طلاق ہوگئی ہے؟

وضاحت: واٹسب ایپ کی گفتگوکی کاپی منسلک ہے۔

جواب

صورتِ مسئولہ میں اگر واقعۃ شوہرنے اپنی بیوی کوپہلے دو طلاق دی تھیں ،پھردو دن کے بعد رجوع کرلیاتھا، پھر دو مہینے بعد واٹس ایپ میسج میں جھگڑا کےدوران  شوہر نے بیوی کو یہ لکھا کہ "اب تجھےچھوڑ دوں گا "بیوی نے جواب دیا کہ "چھوڑ مجھے" شوہر نے اس کے جواب میں لکھا :"چھوڑدیا" تو اس سےبیوی پرتیسری طلاق بھی واقع ہو کر مجموعی طورپر  تین طلاقیں  واقع ہوگئی ہیں، بیوی اپنے شوہر پر حرمتِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہوگئی ، اورنکاح ختم ہوچکا، اب  نہ شوہر اپنی مطلقہ بیوی سے رجوع کرسکتا ہے اور  نہ دوبارہ نکاح  ہوسکتا ہے، مطلقہ اپنی عدت (پوری تین ماہواریاں اگر حمل نہ ہو ،اگر حمل ہو تووضع ِحمل  تک) گزار کر  دوسری جگہ نکاح کرنے میں آزاد ہو گی۔

قال اللہ تعالیٰ:

"﴿ فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجًا غَيْرَهُ﴾."(البقرة 230)

ترجمہ:"پھر اگرکوئی   طلاق دے دے عورت کو   توپھر وہ اس کے لئے حلال نہ رہےگی اس کے بعد یہاں تک کہ وہ اس کے سوا ایک  اور خاوند کے ساتھ نکاح کرلے۔" (ترجمہ از بیان القرآن)

فتاویٰ شامی میں ہے:ــــ

’’فإن سرحتك كناية، لكنه في عرف الفرس غلب استعماله في الصريح، فإذا قال: "رهاكردم" أي سرحتك، يقع به الرجعي مع أن أصله كناية أيضاً، و ما ذاك إلا لأنه غلب في عرف الفرس استعماله في الطلاق، و قد مر أن الصريح ما لم يستعمل إلا في الطلاق من أي لغة كانت.‘‘

(الدر المختار و حاشية ابن عابدين (رد المحتار) (ج:3، ص:299، ط: دار الفكر-بيروت)

فتاوی عالمگیری میں ہے: 

"وإن كان الطلاق ثلاثا في الحرة وثنتين فی الأمة، لم تحل له حتی تنکح زوجا غیرہ نکاحا صحیحا، ویدخل بها، ثم یطلقها أو یموت عنها."

(کتاب الطلاق، الباب السادس فی الرجعة ، فصل فیما تحل به المطلقة،473/1، رشیدیه)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144401101990

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں